آزاد کشمیر انتخابات کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی جا سکتی ہے، بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی جا سکتی ہے اور سیاست میں کوئی بھی فیصلہ حرفِ آخر نہیں ہوتا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں آزادانہ ماحول فراہم کیا جائے اور پکڑ دھکڑ نہ کی جائے تو ہم آزاد کشمیر کے الیکشن میں حصہ لینے کا سوچ سکتے ہیں کیونکہ کسی بھی پارٹی کے لیے الیکشن میں بائیکاٹ کا فیصلہ بہت مشکل ہوتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر اپنے اتحادیوں، سیاسی کمیٹی اور لیگل کمیٹی سے مشورہ کرنے کے بعد کیا تھا اور اس فیصلے میں آزاد کشمیر کی مقامی قیادت کی رضامندی بھی شامل ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی صورتحال ایسی نہیں ہے کہ وہاں آزادانہ اور منصفانہ الیکشن ہو سکیں، ہم پنجاب، ہری پور اور گلگت بلتستان میں پہلے ہی ان حالات میں الیکشن دیکھ چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات کا ماحول فراہم نہ کرنے میں وفاق اور آزاد کشمیر کی حکومتوں کی ناکامی ہے اور ہم مجبور تھے کہ عوام کی امنگوں کے مطابق الیکشن کا بائیکاٹ کریں۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ضم اضلاع میں سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کے لیے 3 ماہ کی ڈیڈ لائن
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن تمام جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کا برابر موقع فراہم کرے۔ انہوں نے بتایا کہ 33 حلقوں کے لیے 138 درخواستیں آئی تھیں اور ہم نے میرٹ پر ٹکٹ جاری کیے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ سیاست میں کوئی فیصلہ حرفِ آخر نہیں ہوتا، اگر ہماری جماعت کو موقع ملا، انتخابی نشان بحال ہوا اور لیڈرشپ کو انتخابی مہم کی اجازت ملی تو ہم ضرور الیکشن میں حصہ لیں گے۔
انہوں نے علیمہ خان کے انسدادِ دہشت گردی عدالت میں ٹرائل پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی، ان کی بیوی اور بھانجا پہلے ہی جیل میں ہیں اور اگر اب بہنوں کو بھی سزا ملی تو یہ ملک میں تقسیم کرنے کے برابر ہوگا کیونکہ دونوں بہنیں نہتے ہاتھ اپنے بھائی کے لیے کھڑی ہوتی ہیں، امید ہے کہ اس سزا سے اجتناب کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے تھے، الیکشن جلد ہوں لیکن حالات تبدیل ہو گئے ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے لاہور میں غیر ملکی خواتین سے زیادتی کے واقعے کی مذمت کی تاہم اس معاملے پر کھل کر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ کبھی چھوٹوں کی وجہ سے بڑوں کی بدنامی ہو جاتی ہے، اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔
انہوں نے پیٹرول مہنگا کرنے کے خلاف بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اس کے خلاف آواز اٹھائی ہے، دنیا نے 3 فیصد پیٹرول کی قیمت بڑھائی تو پاکستان نے 20 فیصد بڑھا دی اور جب دنیا میں 17 فیصد قیمت بڑھی تو پاکستان نے اسے 50 فیصد تک بڑھا دیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









