جمعہ، 10-جولائی،2026
جمعہ 1448/01/25هـ (10-07-2026م)

لاہور کے ٹیوشن سینٹر میں 12 سالہ طالبہ کی پراسرار موت، 3 افراد زیر حراست

10 جولائی, 2026 14:53

لاہور کے ایک ٹیوشن سینٹر سے 12 سالہ طالبہ کی پراسرار ہلاکت کے کیس میں پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔

لاہور کے گنجان آباد علاقے اچھرہ میں واقع ایک ٹیوشن سینٹر کے واش روم سے مردہ حالت میں ملنے والی 12 سالہ طالبہ نعیمہ کی موت کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

پوسٹ مارٹم کا عمل مکمل ہونے کے بعد طالبہ کی لاش کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کی موت گلے میں پھندا لگنے کی وجہ سے واقع ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق معصوم طالبہ کے گلے پر رسی کے پھندے کا واضح نشان موجود ہے، تاہم ابتدائی طور پر اس کے جسم پر کسی قسم کے تشدد یا زبردستی کے کوئی نمایاں آثار نہیں ملے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس نازک معاملے میں حتمی رائے فرانزک اور کیمیکل ایگزامینر کی تفصیلی رپورٹس موصول ہونے کے بعد ہی دی جا سکے گی۔

یہ بھی پڑھیں : میرپورخاص میں جعلی عامل کی دو کمسن بچیوں کو بیہوش کر کے زیادتی، ایک جاں بحق

پولیس کی اب تک کی تحقیقات کے مطابق جب یہ واقعہ پیش آیا تو واش روم کا دروازہ اندر سے لاک نہیں تھا۔ طالبہ نعیمہ کی چھوٹی بہن نے سب سے پہلے واش روم کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی تھی، تاہم دروازہ نہ کھلنے پر اس نے اپنی بڑی بہن کو مدد کے لیے بلایا۔ بڑی بہن نے جب آگے بڑھ کر دروازہ کھولا تو سامنے واش روم کے اندر نعیمہ کی لاش موجود تھی، جس نے پورے خاندان کو ہلا کر رکھ دیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ سے فنگر پرنٹس اور دیگر اہم شواہد اکٹھے کر کے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیئے ہیں تاکہ واقعے کی اصل وجوہات اور اصل حقائق کو سامنے لایا جا سکے۔

تفتیش کے دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹیوشن سینٹر کے مالک کے 2 بیٹوں کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ اس وقت مجموعی طور پر 3 افراد سے سخت پوچھ گچھ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق مالک مکان کو بھی تحویل میں لے کر تفتیش کی جا رہی ہے اور واقعے کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

12 سالہ طالبہ کی اس ناگہانی اور پراسرار موت نے اہل علاقہ اور ورثاء کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ پولیس کا دعویٰ ہے کہ فرانزک رپورٹس کی روشنی میں تحقیقات کو جلد منطقی انجام تک پہنچا کر ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔