جمعہ، 10-جولائی،2026
جمعہ 1448/01/25هـ (10-07-2026م)

بچوں کے لیے سوشل میڈیا کا غیر محفوظ استعمال شدید خطرہ بن گیا

10 جولائی, 2026 10:34

دنیا بھر میں بچوں کی جانب سے سوشل میڈیا کے غیر محفوظ اور غیر ذمہ دارانہ استعمال نے سماجی، نفسیاتی اور سکیورٹی خطرات میں تشویشناک حد تک اضافہ کر دیا۔

مختلف عالمی تحقیقات کے مطابق بچوں کا سوشل میڈیا پر غیر محتاط رویہ کئی بڑے مسائل کو جنم دے رہا ہے۔ امریکی تحقیقاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بچوں میں سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال خراب نیند، شدید بے چینی، ڈپریشن اور تعلیمی مشکلات میں اضافے کی بڑی وجہ ہے۔

سی این این کی رپورٹ نے خبردار کیا ہے کہ ابتدائی عمر میں اسکرین کا زیادہ استعمال بچوں کی ذہنی، سماجی اور جسمانی نشوونما پر انتہائی منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔

اسی طرح عرب نیوز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کا یہ بے جا استعمال بچوں اور نوجوانوں کی دماغی نشوونما، ان کے روزمرہ کے رویوں اور جذباتی صحت کو بری طرح متاثر کر رہا ہے۔

رپورٹس میں یہ تشویشناک انکشاف بھی ہوا ہے کہ سائبر مجرم اور منظم جعلساز گروہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر کے معصوم بچوں کے ذہنوں پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سوشل میڈیا پر ٹرمپ کی جعلی مقبولیت کے پیچھے کروڑوں ڈالر کا کھیل بے نقاب

سوشل میڈیا سے متعلق سخت قوانین کی عدم موجودگی کی وجہ سے انٹرنیٹ پر غلط معلومات، افواہیں، نفرت انگیز مواد اور جھوٹا پروپیگنڈا انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے۔

بلیو وہیل، مومو چیلنج اور پب جی جیسی خطرناک ایپلی کیشنز کے استعمال کے بعد دنیا بھر میں بچوں کی جانب سے خودکشی کرنے کے انتہائی افسوسناک واقعات بھی سامنے آ چکے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک اب بچوں کے ذہنی دباؤ کو کم کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر مکمل پابندی لگانے یا مخصوص مواد کو بلاک کرنے پر بحث کر رہے ہیں۔

ایک ڈیٹا بیس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 16 سال سے کم عمر بچوں کی آبادی تقریباً 10 کروڑ 98 لاکھ ہے، جس میں ایک بہت بڑی تعداد موبائل فونز استعمال کر رہی ہے۔

پاکستان میں بھی بچوں کو سماجی میڈیا کے خطرات سے بچانے اور اس کے بہتر استعمال کے لیے اسکولوں، والدین اور میڈیا کی سطح پر آگاہی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔

16 سال سے کم عمر بچوں کو آن لائن سرگرمیوں میں بہتر تحفظ فراہم کرنے کے لیے دنیا کے مختلف ممالک کی طرح پاکستان میں بھی اب سخت قانون سازی اور ضابطے بنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔