بلوچستان میں آپریشن شعبان جاری، مزید 3 دہشتگرد ہلاک، مجموعی تعداد 67 ہوگئی

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے زمینی اور ہوائی کارروائیوں کے دوران مزید 3 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جس کے بعد آپریشن شعبان میں ہلاک خوارج کی مجموعی تعداد 67 ہو گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق صوبے میں فتنہ الخوارج کے خلاف ہوائی اور زمینی آپریشن مسلسل پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔ تازہ کارروائیوں کے بعد 5 جولائی سے اب تک ہلاک ہونے والے خارجی دہشتگردوں کی کل تعداد 105 تک پہنچ گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان سے آخری دہشتگرد کے مکمل خاتمے تک یہ "آپریشن شعبان” اسی طرح جاری رہے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس بڑی کامیابی پر پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے بہادر جوانوں کو زبردست الفاظ میں سلام پیش کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ بلوچستان کوئٹہ دھرنے میں پہنچ گئے، کامیاب مذاکرات کے بعد لواحقین نے دھرنا ختم کردیا
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی یہ مشترکہ کارروائی ہماری قومی سلامتی کے تحفظ کے پختہ عزم کی عکاس ہے اور وہ آپریشن شعبان میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی شجاعت کو سراہتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ دہشتگرد عناصر کے لیے پاکستان کی سرزمین پر اب کوئی جگہ نہیں ہے اور ان کے خلاف کارروائیاں پوری طاقت سے جاری رہیں گی کیونکہ پوری پاکستانی قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









