منگل، 14-جولائی،2026
منگل 1448/01/29هـ (14-07-2026م)

کراچی رینجرز ہیڈ کوارٹرز پر حملے کا ماسٹر مائنڈ گرفتار

14 جولائی, 2026 12:28

سندھ کے وزیر داخلہ اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے کراچی رینجرز ہیڈ کوارٹرز پر حملے کے ماسٹر مائنڈ اور ہتھیاروں کے اسمگلر سمیت سہولت کاروں کے پورے نیٹ ورک کی گرفتاری کا اعلان کردیا۔

سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر نے کراچی میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دشمن قوتیں پاکستان بالخصوص کراچی کے امن کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں، لیکن ہماری سیکیورٹی فورسز نے ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 27 جون کو سندھ رینجرز کی کراچی ٹرانسپورٹ کمپنی پر 4 دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا۔ رینجرز کے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں 3 دہشتگرد مارے گئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جو اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں جاری آپریشن شعبان میں مزید 5 دہشت گرد ہلاک، مجموعی تعداد 114 ہوگئی

ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں 3 افغانی اور ایک باجوڑ کا رہائشی تھا، جو 20 برس تک افغانستان میں رہا۔ اس حملے کی تمام تر منصوبہ بندی اور دہشتگردوں کی تربیت افغانستان کے کیمپس میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی قیادت نے کی، جن میں بصیر عرف احرار ملا اور ٹی ٹی پی کمانڈر سعید شاہ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حملے کا ماسٹر مائنڈ قاری بشیر ہے، جسے پاکستان سے افغانستان بلا کر یہ ٹاسک دیا گیا تھا۔ رینجرز نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران قاری بشیر کو گرفتار کر لیا، جس نے اعترافی بیان میں اپنے تمام جرائم کا اقرار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قاری بشیر کے موبائل فون سے حملے کی تیاری اور دہشتگردوں کی روانگی کی ویڈیوز بھی ملی ہیں، جو پریس کانفرنس کے دوران اسکرین پر دکھائی گئیں۔

ایس ایس پی نے کہا کہ تفتیش میں سامنے آیا کہ دہشتگردوں نے افغانستان سے پاکستان میں داخلے کیلئے بلوچستان کا راستہ اختیار کیا اور حب سٹی سے ہوتے ہوئے کراچی پہنچے۔ یہاں انہیں ہتھیار اور خودکش جیکٹس فراہم کرنے کا کام خیبرپختونخوا سے کراچی ہتھیار اسمگل کرنے والے ملزم احسان آفریدی نے کیا، جسے سی ٹی ڈی نے گرفتار کر لیا ہے۔

عرفان بہادر کا مزید کہنا تھا کہ اس پورے نیٹ ورک میں قاری بشیر سمیت مجموعی طور پر 13 افراد ملوث ہیں، جن کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔