بدھ، 15-جولائی،2026
بدھ 1448/02/01هـ (15-07-2026م)

وفاقی آئینی عدالت میں کراچی یونیورسٹی کی اپیل منظور، سلیکشن بورڈ اور سینڈیکیٹ کا فیصلہ بحال

15 جولائی, 2026 14:48

وفاقی آئینی عدالت نے کراچی یونیورسٹی کی اپیل منظور کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور سلیکشن بورڈ کی سفارشات کو بحال کر دیا۔

وفاقی آئینی عدالت نے سرکاری جامعات میں تقرریوں کے انتہائی اہم معاملے پر کراچی یونیورسٹی کی اپیل منظور کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے۔

آئینی عدالت نے کراچی یونیورسٹی کے سلیکشن بورڈ کی سفارشات اور سینڈیکیٹ کا فیصلہ بحال کر دیا۔ جسٹس حسن اظہر رضوی کے تحریر کردہ اس اہم فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ آئینی دائرہ اختیار صرف اسی صورت میں استعمال کیا جا سکتا ہے، جب کسی قانونی یا لازمی ضابطے کی صریح خلاف ورزی ہوئی ہو۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی رینجرز ہیڈ کوارٹرز پر حملے کا ماسٹر مائنڈ گرفتار

عدالت نے اپنے فیصلے میں ریمارکس دیئے کہ جانب داری کے الزامات صرف زبانی دعوؤں کی بنیاد پر ثابت نہیں کیے جا سکتے اور ریکارڈ پر ایسا کوئی مواد پیش نہیں کیا گیا، جس سے یونیورسٹی کا انتخابی عمل غیر قانونی ثابت ہو سکے۔

آئینی عدالت نے واضح کیا کہ سلیکشن بورڈ ہی امیدواروں کی اہلیت، تعلیمی ریکارڈ اور میرٹ کی بنیاد پر حتمی فیصلہ کرنے کا مجاز فورم ہے، اس لیے جب تک کوئی واضح قانونی خرابی ثابت نہ ہو جائے، عدلیہ جامعات کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ کامیاب امیدواروں کے خلاف کسی بھی قسم کے غیر قانونی عمل کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔

عدالت نے خبردار کیا کہ اگر ہر ناکام امیدوار کے اعتراض پر عدالتی مداخلت شروع کر دی گئی تو اس سے جامعات کی خودمختاری شدید متاثر ہوگی۔

آئینی عدالتیں جامعات کے انتظامی فیصلوں کی اپلیٹ اتھارٹی نہیں بن سکتیں اور ہر سروس تنازع محض ایک درخواست کے ذریعے عدالت میں قابل سماعت نہیں ہو سکتا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔