یومِ الحاقِ پاکستان: کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے: صدر، وزیر اعظم

صدرِ پاکستان اور وزیرِ اعظم نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر کشمیریوں کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کی اصولی حمایت جاری رکھنے کا عزم دہرایا ہے۔
جموں و کشمیر کے پاکستان سے الحاق کی تاریخی جدوجہد کی یاد میں ہر سال کی طرح 19 جولائی 2026 کو یومِ الحاقِ پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
یہ دن اس تاریخی قرارداد کی یاد دلاتا ہے جو 19 جولائی 1947 کو سری نگر میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی، جس میں کشمیری مسلمانوں نے اپنی جغرافیائی، ثقافتی اور مذہبی وابستگی کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ شامل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس موقع پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں واضح کیا ہے کہ کشمیری عوام کو ان کے بنیادی اور جائز حقِ خود ارادیت سے محروم رکھنا کسی بھی صورت میں قابلِ قبول نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بلاول بھٹو زرداری کا آزاد کشمیر پر مصالحتی کمیشن بنانے کا مطالبہ
انہوں نے بھارت کے زیرِ قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین اور مسلسل خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
اسی مناسبت سے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بھی کشمیری عوام کی بے مثال جرات اور استقامت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قرارداد برصغیر کی تاریخ کے ایک فیصلہ کن مرحلے پر کشمیریوں کی حقیقی امنگوں کی آئینہ دار تھی۔
انہوں نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اسی صورت ممکن ہے، جب اس دیرینہ تنازع کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی آزادانہ خواہشات کے مطابق پرامن طریقے سے حل کیا جائے۔
پاکستانی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام جب تک اپنا حقِ خودارادیت حاصل نہیں کر لیتے، حکومت اور پاکستان کے عوام ان کی غیر متزلزل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور ان کی لازوال قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











