مٹیاری میں مال گاڑی کی 10 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، ریلوے کا نظام درہم برہم، ٹریک تاحال بحال نہ ہو سکا

مٹیاری کے وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب مال بردار ٹرین کی 10 بوگیاں پٹری سے اترنے کے باعث ریلوے کا نظام درہم برہم ہو گیا، 16 گھنٹے بعد بھی ٹریک بحال نہیں ہو سکا۔
مٹیاری میں وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب گزشتہ روز پیش آنے والے مال بردار ٹرین کے حادثے کے باعث اپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے ٹریک تاحال بحال نہیں ہو سکے ہیں۔
حادثے کو 16 گھنٹے سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود ریلوے انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ مقام پر ریسکیو اور بحالی کا آپریشن مسلسل جاری ہے۔
اس حادثے کے نتیجے میں مال بردار ٹرین کی 10 سے زائد بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں، جس کی وجہ سے اپ ریلوے ٹریک ایک کلومیٹر سے زائد حصے تک شدید متاثر ہو کر اکھڑ گیا ہے، جبکہ ڈاؤن ٹریک کا بھی ایک بڑا حصہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان قید تنہائی میں ہیں، جیل گارڈز انہیں سلام تک کا جواب نہیں دیتے، سلمان اکرم راجہ
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اس کی مکمل بحالی میں اب بھی متعدد گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق پہلے مرحلے میں متاثرہ مال گاڑی کی بوگیوں کو ٹریک سے ہٹانے کا کام کیا جا رہا ہے، جس کے بعد دوسرے مرحلے میں متاثرہ ریلوے ٹریک کی مرمت اور بحالی کا عمل شروع کیا جائے گا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بھرپور کوشش کی جا رہی ہے کہ ڈاؤن ٹریک کو آج شام تک بحال کر کے ریلوے ٹریفک جزوی طور پر بحال کر دی جائے۔
دونوں ٹریکس بیک وقت متاثر ہونے کے سبب ملک بھر میں ریلوے کا پورا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ پنجاب سے کراچی آنے والی مختلف مسافر ٹرینوں کو نواب شاہ، روہڑی اور دیگر مختلف اسٹیشنوں پر روک کر خالی کروایا جانے لگا ہے، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پاکستان ریلویز نے کراچی سے پنجاب جانے والی آج صبح کی 3 اہم ٹرینیں، جن میں شالیمار ایکسپریس، ہزارہ ایکسپریس اور رحمان بابا ایکسپریس شامل ہیں، کو مکمل طور پر منسوخ کر دیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق اس سے قبل گزشتہ روز بھی کراچی سے پنجاب جانے والی 7 ٹرینیں کینسل کی گئی تھیں اور ٹریک کی مکمل بحالی تک شیڈول شدید متاثر رہے گا۔ حیدرآباد سے ریلوے کی تکنیکی ٹیم اور ریلیف ٹرین کی مدد سے جائے حادثہ پر کام کی رفتار تیز کر دی گئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











