جمعہ، 24-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

عمران خان قید تنہائی میں ہیں، جیل گارڈز انہیں سلام تک کا جواب نہیں دیتے، سلمان اکرم راجہ

20 جولائی, 2026 13:12

سلمان اکرم راجہ نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی جیل میں قید تنہائی، ملاقاتوں پر پابندی اور ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ عدالت میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے نمائندے بھی پیش ہوئے۔

انہوں نے عدالت کے سامنے مؤقف اختیار کیا کہ جیل میں صرف سلمان صفدر کی ملاقات ہوسکی ہے اور ان کے علاوہ کسی دوسرے کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ہر منگل اور جمعرات کو جب وہ ملاقات کے لیے جاتے ہیں تو ان پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا۔

سلمان اکرم راجہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو جیل میں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی کی آنکھیں خراب ہیں اور ان کے خاندان کو بھی رسائی نہیں دی جا رہی۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش بڑھ رہی ہے، فوری اسپتال منتقل کیا جائے، بیرسٹر گوہر

بانی پی ٹی آئی نے انہیں بتایا ہے کہ جیل کے گارڈز ان کے سلام کا جواب تک نہیں دیتے، جو کہ ایک ناقابل قبول صورتحال ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر ملاقاتوں کی اجازت دی جائے کیونکہ 5 اگست کو ان کی قید کو 3 سال مکمل ہو رہے ہیں۔

جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں کہ وہ مولانا فضل الرحمان کی ہر بات سے اتفاق کریں، جس بات پر ان کا اختلاف ہے وہ قائم ہے۔ مولانا کی اپنی سیاست ہے، لیکن اگر وہ جمہوریت کی بات کریں گے تو ان کی بات سنی جائے گی اور سچ پر انہیں خوش آمدید کہا جائے گا، تاہم وہ بانی پی ٹی آئی کی جگہ نہیں لے سکتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف ہر اس شخص کو شہید کہتی ہے، جس نے ملک کے دفاع کے لیے جان دی ہے کیونکہ ایسے انسان کا خون مقدس ہوتا ہے۔

انہوں نے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی پامالی بہت ہوچکی، اب اس جبر کے خلاف کھڑا ہونا پڑے گا اور ملک میں جو کچھ ہوا، اس کے لیے ایک ٹروتھ کمیشن بننا چاہیے تاکہ جس نے بھی آئین پامال کیا وہ قوم سے معافی مانگے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔