جمعہ، 24-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشیں، ندی نالے بپھر گئے، 12 افراد جاں بحق، ناران اور کاغان میں سیاح محصور

21 جولائی, 2026 09:42

خیبر پختونخوا اور دیگر علاقوں میں طوفانی بارشوں کے دوسرے اسپیل نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے۔

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق مون سون کی بارشوں کے دوسرے تگڑے اسپیل نے خیبر پختونخوا میں شدید تباہی مچائی ہے۔

طوفانی برسات اور سیلابی صورتحال کے باعث مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 6 مرد، 5 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 8 مرد، 2 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں، جنہیں علاج کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے پولیس کا غیر قانونی سیاسی استعمال، شواہد سامنے آ گئے

بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔ کاغان میں سہوچ کے مقام پر شدید لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے، جس کی وجہ سے ناران جل کھڈ روڈ پر سیاحوں کی ایک بڑی تعداد محصور ہو کر رہ گئی ہے۔

کاغان میں پانی کے تیز بہاؤ نے 3 رابطہ پلوں کو بہا دیا ہے، جس کے باعث کئی گھروں اور ہوٹلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ ضلع خیبر میں ندی نالے ابل پڑنے کے باعث کئی گاڑیاں پانی کے بہاؤ میں بہہ گئی ہیں۔

دوسری جانب آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں واقع کٹھا پیراں نالہ بپھر گیا ہے، جس سے علاقے میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے۔

پنجاب کے اضلاع وزیر آباد اور چنیوٹ میں بھی سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، جس پر پی ڈی ایم اے نے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے اور ریلیف کے کام جاری ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔