آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کا حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم، ملک گیر ہڑتال کا انتباہ

پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے پائپ لائن کوٹے اور کرایوں میں عدم اضافے کے خلاف حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے ملک گیر ہڑتال اور پہیہ جام کی دھمکی دے دی۔
پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور کنٹریکٹرز کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران رہنماؤں نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم جاری کیا ہے۔
آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے صدر سرفراز جدون، جنرل سیکریٹری شعیب خان اور عابد اللہ آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے مطالبات مان کر مسائل حل نہ کیے گئے تو پورے ملک میں آئل ٹینکرز کا پہیہ جام کر دیا جائے گا اور اس ہڑتال کی تمام تر ذمہ داری اوگرا اور وزارت پیٹرولیم پر ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ، ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں ملوث 3 ملزمان ہلاک
رہنماؤں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے خط و کتابت اور مذاکرات جاری تھے، لیکن حکومت نے ٹرانسپورٹرز کو ہڑتال پر مجبور کر دیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ وائٹ آئل پائپ لائن کا کوٹہ 55 کے بجائے 80 فیصد کر کے کمرشل لوڈنگ کو فوری ختم کیا جائے، کیونکہ حکومت نے 70 فیصد کوٹہ پائپ لائن کو دیا ہوا ہے اور باقی 30 فیصد روڈ کوٹے میں سے بھی پورا حصہ نہیں مل رہا، جس کی وجہ سے ڈھائی سے 3 کروڑ کی لاگت سے تیار گاڑیوں کو 2 ماہ میں صرف ایک ٹرپ ملتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ موٹر وے اور این ایچ اے کا ٹول ٹیکس گزشتہ 3 سالوں میں 180 فیصد بڑھ چکا ہے جبکہ ٹینکرز کے کرایوں میں 3 سال سے ایک روپے کا بھی اضافہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے وفاقی وزیر علی پرویز سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ پاکستان کی سب سے بڑی صنعت ہے اور اس کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک اب بند ہونا چاہیے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










