وزیراعظم کا سعودی ولی عہد کو فون، حوثی حملوں کی شدید مذمت، مکمل یکجہتی کا اظہار

وزیراعظم نے سعودی عرب کے ولی عہد سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بحیرہء احمر میں سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلی فون پر رابط کر کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس گفتگو کے دوران وزیراعظم نے بحیرہء احمر میں سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کے بزدلانہ حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایسے اقدامات قطعی طور پر ناقابل قبول ہیں اور یہ عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ علاقائی امن، سلامتی اور تجارتی نقل و حمل کی آزادی کے لیے شدید خطرہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : یمن کے حوثیوں کا 2 سعودی آئل ٹینکرز پر حملہ
وزیراعظم شہباز شریف نے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم اس نازک وقت میں سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
انہوں نے مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو دہرایا اور یقین دلایا کہ پاکستان بحیرہء احمر، آبنائے ہرمز اور خطے میں سمندری تجارت کی بلاتعطل روانی کے لیے عالمی برادری اور سعودی عرب کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی اس مستقل حمایت اور دونوں ممالک کے گہرے برادرانہ تعلقات کو سراہا، جبکہ وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے بھی خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










