یمن کے حوثیوں کا 2 سعودی آئل ٹینکرز پر حملہ

یمن کے حوثیوں نے بحیرہ احمر میں پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر 2 سعودی آئل ٹینکرز کو کروز و بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنا دیا۔
حوثی ملیشیا کے ترجمان برگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے اعلان کیا ہے کہ ایک کارروائی کے دوران 2 سعودی آئل ٹینکرز اینسیلیا اور لیلیٰ کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان جہازوں نے عائد کردہ پابندیوں کی خلاف ورزی کی تھی۔ ترجمان کے مطابق یہ کارروائی متعدد بیلسٹک و کروز میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے کی گئی، جنہوں نے اپنے ہدف کو درست نشانہ بنایا۔
یحییٰ سریع نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران نے تقریباً 10 دیگر جہازوں کو بھی پیچھے ہٹنے اور واپس لوٹنے پر مجبور کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : حوثیوں کی سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں کو دھمکیاں، پاکستان کی شدید مذمت
دوسری جانب برطانوی بحری تجارتی آپریشنز سینٹر نے بتایا کہ سعودی ساحل الشقیق سے 70 ناٹیکل میل یعنی تقریباً 130 کلومیٹر دور بحیرہ احمر میں ایک جہاز کو نشانہ بنایا گیا، جس سے اس میں آگ لگ گئی۔
کپتان کے مطابق آگ میزائل لگنے سے لگی اور عملہ آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف رہا۔ واقعے میں کسی جانی نقصان یا ماحولیاتی اثرات کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ سعودی ملکیت والے ٹینکر اینسیلیا کو بحیرہ احمر میں سفر کے دوران نشانہ بنایا گیا، جس سے جہاز کے اگلے حصے میں آگ لگ گئی۔
سعودی ذرائع کا کہنا ہے کہ عملے کے تمام افراد محفوظ ہیں اور جہاز و عملے کی حفاظت اور سمندری ماحول کو بچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر لیے گئے ہیں۔
یمن کے اس اقدام سے باب المندب کی اہم تجارتی شاہراہ پر توانائی کی عالمی سپلائی لائنز شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










