بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کے خلاف سائبر کرائم ایجنسی اسلام آباد میں ریاستی اداروں اور مسلح افواج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی بہن نورین نیازی کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اسلام آباد میں پیکا اور تعزیراتِ پاکستان کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق نورین نیازی نے ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو کے دوران پاکستان کی ریاست اور مسلح افواج سمیت دیگر اداروں پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے۔
ان کے اس عمل کا مقصد عوام میں سراسیمگی پھیلانا اور ریاستی اداروں پر عوام کا اعتماد متزلزل کرنا تھا۔ ان کے خلاف پیکا 2016 کی دفعات 20 اور 26 اے جبکہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 505 اور 506 کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نورین نیازی نے این سی سی آئی اے کے نوٹس کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھا دیئے
ایف آئی آر کے متن میں بتایا گیا ہے کہ نورین نیازی نے سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹا، اشتعال انگیز، توہین آمیز اور دھمکی آمیز مواد پھیلایا اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف ایک منظم پروپیگنڈا کی مہم چلائی۔
ان کا متنازعہ انٹرویو ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے مختلف اکاؤنٹس سے شیئر ہوا اور وائرل ہوا۔ ایف آئی آر کے مطابق انہوں نے معرکہ حق کے دوران افواجِ پاکستان کی کامیابیوں کو جھٹلانے اور جھوٹا بیانیہ پھیلا کر عوام میں خوف، نفرت اور بداعتمادی پیدا کرنے کی دانستہ کوشش کی۔
این سی سی آئی اے کے مطابق نورین نیازی کو متعدد نوٹسز کے ذریعے تفتیش میں شامل ہونے اور بیان ریکارڈ کرانے کا موقع دیا گیا تھا، تاہم ابتدائی شواہد کی بنیاد پر ان کے خلاف جرم بادی النظر میں ثابت ہونے پر یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ دیگر کرداروں کا تعین تفتیش کے دوران کیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








