بدھ، 29-جولائی،2026
بدھ 1448/02/15هـ (29-07-2026م)

آزاد کشمیر انتخابات میں سنگین دھاندلی کی گئی، مسلم لیگ ن کے لیے ووٹنگ کا وقت بڑھایا گیا، حسن مرتضیٰ

29 جولائی, 2026 14:43

حسن مرتضیٰ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے انتخابات میں سنگین دھاندلی اور اپنے ایک کارکن کی شہادت کا الزام عائد کیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکریٹری حسن مرتضیٰ نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے انتخابی عمل پر شدید سوالات اٹھا دیے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ میرپور ڈویژن کے انتخابات میں سینہ زوری اور دھاندلی کی گئی اور سیاسی تاریخ میں اس طرح عوامی مینڈیٹ پر ڈکیتی کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ کئی پولنگ اسٹیشنز کو یرغمال بنایا گیا، جن کے ویڈیو ثبوت بھی موجود ہیں، جبکہ پولنگ کے دن فائرنگ کر کے پیپلز پارٹی کے ایک کارکن مختار کو گولیوں سے چھلنی کر کے شہید کر دیا گیا اور الٹی ایف آئی آر ان کے اپنے امیدوار پر کٹوا دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : ووٹ کی گنتی جو بھی ہو، آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی اکثریت سے جیت چکی ہے، بلاول بھٹو زرداری

حسن مرتضیٰ نے الیکشن کمیشن کے کردار پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ادارے نے غیر جانبدار رہنے کے بجائے سہولت کار کا کردار ادا کیا اور مسلم لیگ ن کو ٹھپے لگانے کے لیے ووٹنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھایا گیا۔

ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرکاری اسپتالوں کو ٹھیکے پر دے کر ہیلتھ سسٹم اور تعلیم کا نظام اجاڑ دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دانش اسکولوں میں غریب کے بچے نہیں پڑھ سکتے اور چند گھنٹوں کی بارش میں لاہور دریا کا منظر پیش کرنے لگتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کو 1974 میں پارلیمانی سیاست کا حق پیپلز پارٹی نے دیا تھا اور اب بھی عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی جاتی رہے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔