لیڈی پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، پنجاب میں جرائم کی شرح کم ترین سطح پر آ چکی ہے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب نے لیڈی پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبے کی باہمت بیٹیوں کی خدمات کو سراہا۔
لاہور کے ٹریننگ کالج چوہنگ میں لیڈی پولیس اہلکاروں کے لیے پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا تفصیلی معائنہ کیا اور پاس آؤٹ ہونے والی لیڈی پولیس آفیسرز کے اہل خانہ کی جانب دیکھ کر ہاتھ ہلا کر ان کے جذبے کا جواب دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کی باہمت اور ہونہار بیٹیوں کو دیکھ کر انہیں بے حد خوشی ہو رہی ہے اور وہ ان تمام بیٹیوں کو سلام پیش کرتی ہیں۔
انہوں نے ان والدین کی عظمت کو سراہا، جنہوں نے اپنی بیٹیوں کو ملک کی خدمت کی خاطر پولیس میں بھیجا اور کہا کہ یہ خواتین پولیس افسران پورے ملک کا فخر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب کے تمام نجی اسکولوں کو 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم دینے کا حکم
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت پنجاب پولیس میں 6 ہزار سے زائد خواتین اپنے فرائض احسن طریقے سے سر انجام دے رہی ہیں، جبکہ لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس بھی ایک خاتون ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ پہلے یہ سمجھتے تھے کہ پولیس کی وردی پر صرف مردوں کا حق ہے، لیکن آج خواتین بھی پولیس کے شعبے میں مردوں کی طرح بہترین کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے انسپکٹر جنرل پنجاب کو ہدایت کی کہ وہ پولیس میں خواتین کی بھرتی کے عمل کو مزید آسان بنائیں۔
صوبے کی ترقی اور امن و امان پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب آج گورننس اور ترقی میں سب سے آگے ہے اور اس کی ترقی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کی مثالیں اب دنیا بھر میں دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں کی گئی بڑی سرمایہ کاری مستقبل میں سود مند ثابت ہوگی اور آج پنجاب کے 40 اضلاع میں سیف سٹی منصوبہ کام کر رہا ہے، جس کی وجہ سے جرائم کی شرح کم ترین سطح پر آ چکی ہے اور صوبہ خواتین کے لیے ایک محفوظ جگہ بن چکا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










