جمعہ، 31-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/17هـ (31-07-2026م)

بلوچستان میں تاریخ رقم، لسبیلہ ڈویژن کے تینوں اعلیٰ عہدوں پر خواتین فائز

31 جولائی, 2026 11:24

بلوچستان میں تاریخ رقم ہو گئی، سائرہ عطا صوبے کی پہلی خاتون کمشنر تعینات ہو گئیں، جبکہ لسبیلہ ڈویژن کے تینوں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر خواتین براجمان ہو گئی ہیں۔

بلوچستان حکومت نے بیوروکریسی میں بڑے تقرر و تبادلے کرتے ہوئے 20ویں گریڈ کی سینیئر افسر سائرہ عطا کو کمشنر لسبیلہ ڈویژن تعینات کر دیا ہے۔ وہ صوبے کی پوری تاریخ میں ڈویژنل کمشنر کے اتنے اعلیٰ عہدے پر پہنچنے والی پہلی خاتون افسر بن گئی ہیں۔

سائرہ عطا کی اس تعیناتی کے بعد لسبیلہ ڈویژن کے تینوں سب سے اہم انتظامی عہدوں پر خواتین براجمان ہو گئی ہیں، کیونکہ حمیرا بلوچ پہلے ہی بطور ڈپٹی کمشنر لسبیلہ اور کشش چوہدری تحصیل کنراج میں اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر کام کر رہی ہیں۔ بلوچستان کے روایتی معاشرے میں جہاں انتظامی عہدوں پر مردوں کا غلبہ رہا ہے، اسے ایک تاریخی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

سائرہ عطا کا تعلق ضلع آواران سے ہے اور وہ 1998 میں پی سی ایس کا امتحان پاس کر کے سول سروسز کا حصہ بنی تھیں۔ ان کے والد اور والدہ دونوں ہی بلوچستان کے ابتدائی سول سروس افسران میں شامل رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر حمیرا بلوچ

یہ بھی پڑھیں : کوئٹہ کوئلہ کان حادثے میں جاں بحق کان کنوں کی تعداد 34 ہو گئی

انہوں نے برطانیہ سے قانون کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے اور اس سے قبل وہ سیکریٹری محنت، سیکریٹری ترقی نسواں اور دیگر اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔

اپنی تعیناتی پر انہوں نے کہا کہ خواتین نے ہر شعبے میں خود کو منوایا ہے اور نصف سے زائد آبادی کو آگے لائے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔

ان کی ٹیم میں شامل حمیرا بلوچ کوئٹہ کی رہائشی ہیں اور مئی 2024 سے بطور ڈپٹی کمشنر فرائض انجام دے رہی ہیں، جبکہ 26 سالہ کشش چوہدری کا تعلق نوشکی کے ایک ہندو گھرانے سے ہے، جنہوں نے 2025 میں مقابلے کا امتحان پاس کر کے پہلی ہندو خاتون اسسٹنٹ کمشنر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

نیا لسبیلہ ڈویژن حب، لسبیلہ اور آواران جیسے اضلاع پر مشتمل ہے، جو صنعتی، انتظامی اور سیکیورٹی لحاظ سے انتہائی اہم اور چیلنجنگ سمجھے جاتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے دفتر نے اس تقرر کو صوبے کے لیے باعث فخر قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ قدم خواتین کو بااختیار بنانے اور میرٹ کو فروغ دینے کے عزم کا عکاس ہے۔

مقامی شہریوں اور سماجی کارکنوں نے بھی اسے سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ خواتین افسران کے ان عہدوں پر آنے سے عوام کے مسائل، بالخصوص خواتین کے قانونی اور سماجی مسائل کو زیادہ ہمدردی اور بہتر انداز میں حل کیا جا سکے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔