جمعہ، 31-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/17هـ (31-07-2026م)

کبھی سرنڈر نہیں کروں گا، کسی کا باپ بھی اس ملک کو نہیں توڑ سکتا، وزیراعلیٰ بلوچستان

31 جولائی, 2026 15:21

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں اے ٹی ایف کے پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے بندوق کے زور پر نظریہ مسلط کرنے والوں کے سامنے سرنڈر نہ کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں اینٹی ٹیررازم فورس یعنی اے ٹی ایف کے پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی بندوق کے زور پر اپنا نظریہ مسلط کرنا چاہتا ہے، تو وہ بھول جائے کہ سرفراز بگٹی سرنڈر کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو توڑنے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں اور کسی کا باپ بھی اس ملک کو نہیں توڑ سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے خلاف ایک منظم انداز میں سازش ہو رہی ہے اور معصوم لوگوں کو لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، تاہم نوجوانوں کو کسی صورت سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں تاریخ رقم، لسبیلہ ڈویژن کے تینوں اعلیٰ عہدوں پر خواتین فائز

سرفراز بگٹی نے پریڈ میں لیڈی کانسٹیبلز کی شمولیت پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی باصلاحیت خواتین کسی سے پیچھے نہیں ہیں اور ان کا جذبہ معاشرے کے لیے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہماری خواتین نے پاک دھرتی کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے پاسنگ آؤٹ کرنے والے جوانوں پر زور دیا کہ آنے والی نسلوں کو اس ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے، اس لیے بغیر کسی خوف کے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑیں اور اپنی وردی کے تقدس کو کبھی پامال نہ ہونے دیں۔

اپنے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ شہدا پر سیاست کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا ہمارا فخر ہیں اور ان کا رتبہ بہت بلند ہے، لہٰذا سیاست کو دہشت گردی سے نہ جوڑا جائے۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ اے ٹی ایف اسکول کے انفراسٹرکچر کے لیے 15 کروڑ روپے دیے جائیں گے جبکہ سی ٹی ڈی اور ایس سی آئی او ڈبلیو کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ مقدس خون کی قسم کھا کر عہد کرتے ہیں کہ دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کریں گے اور بلوچستان میں امن کا سورج پوری آب و تاب سے طلوع ہو کر رہے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔