بدھ، 5-اگست،2026
بدھ 1448/02/22هـ (05-08-2026م)

نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کے لیے عدالت میں درخواست دائر

05 اگست, 2026 15:12

نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات اور ان کی صحت کا جائزہ لینے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے رہنماؤں فواد چوہدری، عمران اسماعیل، محمود مولوی اور بیرسٹر سیف نے ایڈووکیٹ فیصل فرید کے توسط سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں سیکریٹری داخلہ، سیکرٹری ہوم پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزاروں نے مؤقف اپنایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے دوست ہونے کے ناتے انہیں ان کی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی گرتی ہوئی صحت اور خیریت پر شدید تشویش ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کی درخواست پر اعتراضات کالعدم، اپیلیں منظور

درخواست میں جیل حکام کے مبینہ نامناسب رویے اور بدسلوکی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کئی ماہ سے اہلِ خانہ، دوستوں اور قانونی ٹیم کو ملاقات سے روکا جا رہا ہے، جس سے افواہوں کو ہوا مل رہی ہے اور عوام میں بے چینی پھیل رہی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملاقاتوں پر پابندی آئین کے آرٹیکل 9 اور 14، جیل قوانین اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

سیاسی استحکام، آئین کی بالادستی اور قومی مصالحت کے لیے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ جیل حکام کو نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے وفد کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کرانے کا حکم دے تاکہ دونوں کی صحت اور قانونی تحفظ کا جائزہ لیا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔