وزیراعلیٰ مریم نواز نے پینے کے صاف پانی کی بوتلوں پر چارجز لگانے کی تجویز مسترد کر دی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صاف پانی کی بوتلوں پر چارجز کی ابتدائی تجویز مسترد کرتے ہوئے پنجاب بھر میں مفت پانی گھر گھر پہنچانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈرنکنگ واٹر کی بوتلوں پر چارجز عائد کرنے کی ابتدائی تجویز کو سخت انداز میں مسترد کر دیا ہے۔
صاف پانی اتھارٹی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پینے کا صاف پانی پنجاب کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت جہاں پانی میسر نہیں وہاں بوتلوں اور ٹینکرز کے ذریعے مفت پانی ہر صورت شہریوں کی دہلیز تک پہنچائے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پائلٹ پروجیکٹ کے تحت بہاولپور، رحیم یار خان، خوشاب اور ڈیرہ غازی خان کے دور دراز علاقوں میں روزانہ 19 لیٹر کی 10 ہزار سے زائد بوتلیں مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ مریم نواز نے 5 روز میں صاف پانی کی فراہمی کا فول پروف پلان طلب کرلیا
خوشاب میں 860، رحیم یار خان میں 780، کوہ سلیمان کے دور دراز علاقوں میں ایک ہزار 500 اور بہاولپور میں 2 ہزار 780 بوتلیں روزانہ پہنچائی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ان اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے روزانہ فیڈ بیک لینے اور پانی کی ترسیل کے لیے ٹرکوں کی تعداد فوری بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
پنجاب میں کلین ڈرنکنگ واٹر کے تحت صوبہ بھر میں 670 بوٹلنگ پلانٹ قائم کرنے کی تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے، جن کے لیے 4 ہزار 20 ڈسٹری بیوشن پوائنٹس بنائے جائیں گے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 864 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر شروع ہو چکی ہے اور مزید ایک ہزار 913 پلانٹس کا جلد آغاز کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے ایک ہزار 886 التوا کا شکار پلانٹس کو فوری طور پر فعال بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ خواتین اور بزرگوں کو پانی کے لیے ذلیل ہوتے دیکھنا ناقابلِ برداشت ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








