بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی، وفاقی حکومت کی سپریم کورٹ میں نظر ثانی درخواست دائر

وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے حکم پر نظرثانی کی درخواست دائر کر دی۔
وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی جیل سے اسپتال منتقلی کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کر دی ہے۔ یہ درخواست چیف کمشنر اسلام آباد نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے توسط سے دائر کی ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ سپریم کورٹ عبوری حکم جاری کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم یہ حکم اختیارِ سماعت سے تجاوز کرتا ہے اور اس پر نظرثانی کی جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو 5 اگست 2023 کو ایڈیشنل سیشن جج نے 3 سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل زیر سماعت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کا تحریری حکم نامہ جاری
اسی اثنا میں بانی پی ٹی آئی نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ اے 561 کے تحت علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی استدعا کی تھی، جسے اسلام آباد ہائی کورٹ نے 12 مارچ 2026 کو مسترد کر دیا تھا اور اس کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی۔
حکومت کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 10-A منصفانہ ٹرائل کا حق دیتا ہے اور پاکستان پریزن رولز 1978 کے رول 197 میں قیدی کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا طریقہ کار واضح ہے۔
بعض صورتوں میں حکومت کی منظوری اور انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کے ذریعے کارروائی ضروری ہوتی ہے اور اسپتال منتقل قیدی کی پولیس نگرانی بھی لازم ہے۔
درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ یہ معاملہ پہلی مرتبہ سپریم کورٹ کے سامنے مقرر ہوا تھا اور متعلقہ فریقین کو باقاعدہ نوٹس جاری نہیں کیے گئے تھے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










