جمعہ، 21-اگست،2026
جمعہ 1448/03/08هـ (21-08-2026م)

کوئی مذہب دہشت گردی کی ترغیب نہیں دیتا، اس ناسور کو ختم کرنے کیلئے عالمی برادری تعاون کرے، وزیراعظم

21 اگست, 2026 11:25

وزیراعظم نے دہشت گردی کے متاثرین کی یاد کے عالمی دن پر تمام متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کو دہرایا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے متاثرین کی یاد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار ہونے والے تمام افراد اور ان کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کامل اور بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثر ہونے والے تمام شہری اور ان کے لواحقین ہماری مکمل ہمدردی اور مدد کے مستحق ہیں اور حکومت ان کی دیکھ بھال کو اپنی پہلی ترجیح سمجھتی ہے۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں سب سے زیادہ اور بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ ہم اپنے ان تمام شہدا، عام شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی عظیم قربانیوں کو تجدیدِ عہد کے ساتھ سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے ملک کے امن کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل ایک ہے، دشمن کی پراکسیز کو ناکام بنائیں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی وجہ سے نہ صرف قیمتی جانی نقصان اٹھایا ہے بلکہ اس کی بہت بڑی معاشی اور سماجی قیمت بھی ادا کی ہے۔

شہباز شریف نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ جب تک ملک سے دہشت گردی کا مکمل اور حتمی خاتمہ نہیں ہو جاتا، ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ دنیا کا کوئی بھی مذہب، عقیدہ یا تہذیب دہشت گردی کی ترغیب نہیں دیتی۔ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے عالمی سطح پر باہمی تعاون ناگزیر ہے اور تمام متاثرین کی علاج معالجے اور بحالی کی سہولیات کی فراہمی ایک مشترکہ عالمی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی اور تخریب کاری کے خلاف متحد ہو کر آواز اٹھائے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔