امیر جماعت اسلامی کا ملک بھر میں احتجاجی کیمپ قائم کرنے کا اعلان

امیر جماعت اسلامی نے لاہور میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پر شدید تنقید کی ہے اور ملک بھر میں احتجاجی کیمپ قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں جاری دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت پاکستانیوں کی جیبوں پر دھڑلے سے ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل اور حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف پورے پاکستان میں احتجاجی کیمپ قائم کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کی آواز کو ایوانوں تک پہنچایا جا سکے۔
حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر شدید سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت نے گندم کی ایکسپورٹ کی اجازت دے دی ہے، جس کا براہ راست فائدہ صرف اس مخصوص مافیا کو ہوگا، جو امپورٹ اور ایکسپورٹ دونوں شعبوں میں اندھا دھند کما رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : 12 ربیع اول کے بعد ملک گیر ہڑتال کی کال دیں گے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان
انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی سے انتہائی پریشان ہیں لیکن اس کے باوجود بیوروکریسی کی مراعات میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے اور حکومت پیٹرول کی قیمتوں کے معاملے پر کمپنیوں کو بے جا مارجن فراہم کر رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایک طرف ملک کے حالات انتہائی خراب ہیں اور عام شہری روٹی کو ترس رہا ہے، تو دوسری طرف مریم بی بی نے 11 ارب روپے کا جہاز خرید لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنوں میں خواتین سمیت عام شہریوں کی شرکت دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام بیدار ہو چکے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پارٹی قیادت آج اہم مشاورت کر رہی ہے، جس کے بعد رات کے وقت آئندہ کے لائحہ عمل کا اہم اعلان کیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









