ترکیہ کے 104 ویں یومِ فتح پر آئی ایس پی آر کا خصوصی نغمہ ’’دو دل، ایک جان‘‘ جاری

آئی ایس پی آر نے ترکیہ کے 104 ویں یومِ فتح کے موقع پر پاک ترک دوستی کی عکاسی کرتا ہوا اردو اور ترک زبان میں نغمہ ’’دو دل، ایک جان‘‘ جاری کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ترکیہ کے 104 ویں یومِ فتح کے پرمسرت موقع پر دونوں ممالک کے تاریخی اور دیرینہ تعلقات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی اور منفرد نغمہ ’’دو دل، ایک جان‘‘ جاری کیا ہے۔
اس نغمے کی سب سے نمایاں اور خاص بات یہ ہے کہ اسے مکمل طور پر پاکستانی فنکاروں نے اردو اور ترک زبان کے حسین امتزاج کے ساتھ گایا ہے، جو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان لازوال دوستی اور مشترکہ اقدار کی بہترین عکاسی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مکہ دفاعی معاہدہ: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی اعلیٰ قیادت کا پہلا اجلاس آج ہوگا
نغمے کی موسیقی علی مصطفیٰ نے تیار کی ہے جبکہ اس کی کمپوزیشن کامران اللہ خان اور سامعہ گوہر کی کاوش کا نتیجہ ہے۔
اس نغمے کو اپنی سریلی آواز سے عثمان رئیس اور ڈاکٹر مبشرہ حفیظ نے سجایا ہے۔ اس گانے میں دونوں ممالک کی روایتی موسیقی کا بہترین استعمال کیا گیا ہے، جس میں رباب، ترکیہ کا مشہور ساز باقلاما اور دربوکا کی دھنیں شامل ہیں۔
ان روایتی سازوں کی مدھر دھنوں کے ذریعے دونوں برادر ملکوں کی دوستی کی ایک دلکش موسیقائی تصویر پیش کی گئی ہے۔
اردو اور ترک زبان پر مشتمل اس پیشکش کے ذریعے پاکستانی فنکاروں نے ترکیہ کے عوام کے لیے باہمی محبت، بھائی چارے اور یکجہتی کے جذبات کا اظہار کیا ہے۔
اس نغمے میں پاکستان اور ترکیہ کے مابین مشترکہ ثقافتی اقدار اور تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام دو جسم اور ایک جان کی مانند ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










