پیر، 31-اگست،2026
پیر 1448/03/18هـ (31-08-2026م)

مکہ دفاعی معاہدہ: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی اعلیٰ قیادت کا پہلا اجلاس آج ہوگا

31 اگست, 2026 09:50

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی ‘مکہ دفاعی معاہدے’ کے تحت تشکیل دی گئی اعلیٰ سطحی کمیٹی کا پہلا اہم اجلاس آج استنبول میں منعقد ہو رہا ہے۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین مشترکہ سلامتی اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے طے پانے والے تاریخی ‘مکہ دفاعی معاہدے’ پر عملدرآمد کا آغاز ہو گیا۔

اس معاہدے کے تحت قائم کی گئی مشترکہ کمیٹی کا پہلا اور انتہائی اہم اجلاس آج ترکیہ کے شہر استنبول میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس بڑی بیٹھک میں تینوں برادر ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور مسلح افواج کے سربراہان شرکت کر رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : مکہ معاہدہ خطے میں امن اور ترقی کیلئے ہے، بھارت دوبارہ حملے کی ہمت نہیں کرے گا، خواجہ آصف

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس اجلاس میں شرکت کے لیے اتوار کے روز ہی استنبول پہنچ چکے ہیں۔ یہ اجلاس عالمی سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال، دفاعی صنعتوں میں تعاون، جدید ٹیکنالوجی کی مشترکہ پیداوار اور مسلح افواج کے درمیان تربیتی و عملی تعاون کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے بلایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ تینوں ممالک نے 7 اگست 2026 کو مکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اس اہم معاہدے کی بنیادی شق کے تحت تینوں میں سے کسی بھی ایک ملک پر مسلح حملہ تمام رکن ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

انقرہ میں موجود ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں مشترکہ فوجی مشقوں اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک پائیدار اور مضبوط میکانزم تشکیل دیا جائے گا، جو خطے میں دیرپا امن اور استحکام کی ضمانت بنے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔