پیر، 31-اگست،2026
پیر 1448/03/18هـ (31-08-2026م)

آزاد کشمیر میں آج سے مرحلہ وار انٹرنیٹ سروسز کی بحالی کا آغاز ہوگا

31 اگست, 2026 10:18

آزاد کشمیر حکومت نے آج سے 8 اضلاع میں مرحلے وار انٹرنیٹ سروسز بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آزاد کشمیر کی حکومت نے ریاست کے 8 اضلاع میں مرحلہ وار انٹرنیٹ سروسز بحال کرنے کے لیے وفاقی وزارتِ داخلہ کو باضابطہ درخواست ارسال کر دی ہے۔

محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انٹرنیٹ کی بحالی کا آغاز آج سے کیا جا رہا ہے، تاہم مستقبل میں سروسز کا جاری رہنا صارفین کے سوشل میڈیا پر مثبت اور ذمہ دارانہ رویے سے مشروط ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کچھ حساس علاقوں میں سروس فی الحال صرف بینکوں اور تعلیمی اداروں تک محدود رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں : آزاد جموں و کشمیر میں امن و امان کی صورتحال برقرار، معمولات زندگی رواں دواں

تصیح شدہ منصوبے کے تحت مظفرآباد ڈویژن کے مختلف علاقوں میں ڈی ایس ایل اور تھری جی یا فور جی سروسز بحال کی جائیں گی، لیکن مظفرآباد شہر میں تعلیمی اداروں اور بینکوں کے لیے صرف ڈی ایس ایل سہولت دستیاب ہوگی۔

ضلع باغ اور دھیر کوٹ میں بھی تعلیمی اداروں اور بینکوں کے لیے محدود ڈی ایس ایل چلے گا۔ جبکہ حویلی کہوٹہ میں ڈی ایس ایل اور تھری جی یا فور جی دونوں سروسز بحال کر دی جائیں گی۔

میرپور اور بھمبر کے اضلاع میں مکمل طور پر ڈی ایس ایل سروس فراہم کی جائے گی اور کوٹلی میں یہ سہولت صرف بینکوں اور تعلیمی اداروں کو ملے گی۔

دوسری جانب سہنسہ، سرساوہ، بلوچ اور تتہ پانی کے علاقوں میں ڈی ایس ایل سروس بحال نہیں ہوگی، جبکہ راولاکوٹ اور سدھنوتی میں بھی فی الحال انٹرنیٹ بند رہے گا۔

آزاد کشمیر حکومت نے تمام تعلیمی اداروں اور بینک برانچز کے سربراہان کو حلف نامے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے، جس میں یہ ضمانت دینا لازمی ہوگا کہ انٹرنیٹ کنکشن کا استعمال ریاست کے مفادات، قومی سلامتی یا عوامی امن کے خلاف بلکل نہیں کیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔