مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب، پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے فرائض سنبھال لیے

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر بابائے قوم کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے کیڈٹس نے سیکیورٹی کے فرائض سنبھال لیے۔
کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی ایک پروقار اور شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے روایتی فرائض سنبھال لیے۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایئر آفیسر کمانڈنگ پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان، ایئر وائس مارشل حسن فیصل تھے۔ تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے 72 کیڈٹس پر مشتمل ایک چاق و چوبند دستے نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، پاک فوج
اس چاق و چوبند دستے کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں 64 مرد کیڈٹس کے ساتھ ساتھ 8 خواتین کیڈٹس بھی شامل تھیں، جنہوں نے اپنے بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔
مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے مزار قائد پر حاضری دی، بابائے قوم کی مرقد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مزار پر رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے کہا کہ پاک فضائیہ قوم کی امیدوں پر ہمیشہ پوری اتری ہے اور ہر مشکل گھڑی میں ملک و قوم کے لیے اپنی بہترین خدمات پیش کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی فضائی حدود کا دفاع پاک فضائیہ کے مضبوط ہاتھوں میں محفوظ ہے۔ پاک فضائیہ نے گزشتہ سال بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا تھا اور آئندہ بھی دشمن کی کسی بھی حماقت کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










