جنگِ ستمبر کا آٹھواں دن، پاکستان کی افواج نے بھارت کے 21 ٹینک اور 70 طیارے تباہ کر دیئے

جنگِ ستمبر کے 8 ویں روز پاک افواج نے بھارتی فضائیہ، بحریہ اور بری فورسز کو ہر محاذ پر شکست دیتے ہوئے دشمن کے 21 ٹینک اور 70 طیارے تباہ کر دیئے۔
ستمبر 1965 کی جنگ کے 8 ویں روز بھارتی فضائیہ نے مسلسل ناکامیوں اور مایوسی کے عالم میں پاکستان کی شہری اور غیر فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانا شروع کر دیا۔
بھارتی طیاروں نے وزیر آباد، چنیوٹ اور سرگودھا کی عام آبادی پر بمباری کی، جبکہ سیالکوٹ کے سول اسپتال اور ضلعی عدالتوں کو بھی نشانہ بنایا۔
تاہم پاک فوج نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی پیش قدمی کو مکمل طور پر روک دیا اور سیالکوٹ و لاہور کے محاذوں سے دشمن کو پیچھے دھکیل دیا۔
یہ بھی پڑھیں : 8 ستمبر 1965: پاک فوج کا بھارتی علاقے کھیم کرن پر مکمل قبضہ، بھارتی جنرل جیپ چھوڑ کر فرار
اس معرکے کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے سیالکوٹ کے علاقے میں بھارت کے 21 ٹینک تباہ کر کے ناکارہ بنا دیئے اور دشمن کا بڑی تعداد میں جنگی سامان اپنے قبضے میں لے لیا، جبکہ شہریوں نے اپنی افواج کا حوصلہ بڑھانے کے لیے سڑکوں پر نکل کر بھرپور سپورٹ کی۔
جنگ کے اسی روز بھارتی افواج کو دیگر محاذوں پر بھی بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا، جہاں سری نگر اور کارگل کے درمیان واقع اہم 3 میل لمبی سڑک کو تباہ کر دیا گیا تاکہ بھارتی سپلائی لائن منقطع کی جا سکے۔
دوسری جانب پاکستان نیوی نے بہترین تزویراتی حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 12 گھنٹے کے مختصر آپریشن کے دوران بھارت کے انتہائی مضبوط بحری اڈے اور ریڈار اسٹیشن دوارکا کو مکمل طور پر تباہ کر کے راکھ کا ڈھیر بنا دیا۔
فضائی محاذ پر بھی پاک فضائیہ کے شاہینوں نے لدھیانہ کے قریب واقع بھارتی ایئر بیس ہلواڑہ پر زبردست حملہ کیا، جس کے نتیجے میں صرف 36 گھنٹوں کے اندر اندر بھارتی فضائیہ کے 70 سے زائد جنگی طیارے تباہ ہو گئے اور بھارتی ایئر فورس کی کمر توڑ دی گئی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








