بدھ، 9-ستمبر،2026
منگل 1448/03/26هـ (08-09-2026م)

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے احتجاج کو آئینی بحران سے تشبیہ دیدی، لارجر بینچ تشکیل

08 ستمبر, 2026 15:03

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے احتجاج کے خلاف درخواست پر لارجر بینچ بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اٹارنی جنرل اور صوبائی آئی جیز کو طلب کر لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان تحریکِ انصاف کے 27 ستمبر کے احتجاج کے خلاف دائر درخواست پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے سماعت کی۔

درخواست گزار تاجر وقاص احمد کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اسلام آباد میں کاروبار کرتے ہیں اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے اسلام آباد میں احتجاج کے اعلان سے ان کا کاروبار شدید متاثر ہوگا۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس کے استفسار پر وکیل نے بتایا کہ پی ٹی آئی کا پلان احتجاج کو اسلام آباد لانا ہے اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیانات پر مشتمل اخبارات کے تراشے بھی عدالت میں پیش کیے گئے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے تمام معاملات پہلے ہی عدالتوں میں زیرِ التوا ہیں اور یہ مکمل طور پر ایک غیر قانونی احتجاج ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ اسمبلی کی قرارداد سندھ ایک ہے کا مسودہ وفاقی اداروں اور ایوانِ صدر کو ارسال کردیا گیا

درخواست گزار کے وکیل نے یاد دہانی کرائی کہ 2024 میں بھی انہوں نے اسلام آباد میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی، جس کی وجہ سے 3 رینجرز اہلکار بھی شہید ہوئے تھے۔

وکیل نے دعویٰ کیا کہ اس بار بھی وہ سرکاری مشینری کے ساتھ آ رہے ہیں، جس پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے تشویش ظاہر کی۔

وکیل نے عدالت کے سامنے 21 نومبر 2024 کا وزارتِ داخلہ کا خط اور وزیراعلیٰ کا حلف پڑھ کر سنایا اور سوال اٹھایا کہ کیا یہ اقدامات عدلیہ کو خوفزدہ کرنے کے مترادف نہیں ہیں۔

چیف جسٹس نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اسے آئینی بحران سے تشبیہ دی اور سماعت کے لیے لارجر بینچ بنانے کا فیصلہ کیا۔

عدالت نے اٹارنی جنرل، چاروں صوبوں کے آئی جیز اور ایڈوکیٹ جنرلز کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کر دیے ہیں اور کیس کی مزید سماعت 10 ستمبر تک کے لیے ملتوی کر دی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔