اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

آئین کی بالادستی کے بغیر حقیقی جمہوریت ممکن نہیں، مراد علی شاہ کا یومِ جمہوریت پر پیغام

15 ستمبر, 2026 12:28

عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جمہوریت عوام کی آواز، شمولیت اور آئین کی بالادستی کا نام ہے۔

عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جمہوریت عوام کی آواز، شمولیت اور اجتماعی فیصلوں کا نام ہے اور یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہر شہری کی آواز انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت صرف انتخابات کا نام نہیں بلکہ یہ مسلسل عوامی شمولیت، جوابدہی اور عوامی خدمت کا عمل ہے جہاں عوام کے حقِ حکمرانی کو یقینی بنانا ہی حقیقی جمہوریت ہے۔ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کے لیے عوامی شمولیت، آئین کی بالادستی اور مضبوط اداروں کا ہونا ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ کے عوام فیصلہ سنا چکے، صوبے کی تقسیم کی ہر کوشش کو مسترد کرتے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ

انہوں نے مزید کہا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کی خوبصورتی ہے اور مکالمے سے معاشرہ مضبوط ہوتا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی تاریخ کو جمہوریت کے لیے قربانیوں کا اہم باب قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا جبکہ شہید بینظیر بھٹو اور دیگر رہنماؤں نے جمہوریت کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جمہوری اداروں کی مضبوطی اور آئین کا احترام ہی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔