دبئی کے تین اہم اداروں پر بڑا سائبر حملہ، 6 پیٹابائٹ ڈیٹا تباہ، کام کاج شدید متاثر

متحدہ عرب امارات کے تجارتی مرکز دبئی کو ایک غیر معمولی اور شدید ترین سائبر حملے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس حملے میں دبئی کے اہم ترین سرکاری اداروں کا پیٹابائٹس پر مشتمل ڈیٹا تباہ کر دیا گیا جبکہ لاکھوں حساس دستاویزات نکالنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔
مزاحمتی بلاک سے وابستہ سائبر گروپ حنظلہ نے متحدہ عرب امارات کے خلاف اپنی نوعیت کی سب سے بڑی ڈیجیٹل کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
ہیکرز گروپ کے مطابق یہ حملہ متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں کی جانب سے مزاحمتی تحریکوں کے ساتھ مبینہ غداری کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔
اس طاقتور سائبر حملے کے نتیجے میں دبئی کے اہم ترین بنیادی ڈھانچے کا 6 پیٹابائٹ ڈیٹا مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے، جسے ہیکرز کے بقول اب دوبارہ حاصل کرنا ناممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب اور یو اے ای کا رابطہ، خلیجی اتحاد برقرار رکھنے کا فیصلہ
اس آپریشن کے دوران ہیکرز نے دبئی کے تین کلیدی اداروں، دبئی کورٹس ڈیپارٹمنٹ (عدالتیں)، دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ (محکمہ اراضی) اور دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (ٹرانسپورٹ اتھارٹی) کے نظام میں شگاف ڈال کر 149 ٹیرا بائٹ پر مشتمل انتہائی خفیہ اور حساس دستاویزات حاصل کر لی ہیں۔
یہ ادارے دبئی کی معیشت، قانون اور انفراسٹرکچر کی شہ رگ تصور کیے جاتے ہیں۔ ہیکرز کا کہنا ہے کہ ان اداروں تک رسائی حاصل کر کے انہوں نے ان تمام حکومتوں کو پیغام دیا ہے جو یہ سمجھتی ہیں کہ وہ مزاحمتی قوتوں کی پہنچ سے دور ہیں۔
اس وقت دبئی کے ان تمام اداروں میں کام کاج شدید متاثر ہے اور وسیع پیمانے پر خلل دیکھا جا رہا ہے۔ حنظلہ گروپ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دبئی کے بلند و بالا شیشے کے ٹاورز اور نام نہاد محفوظ کمرے اب ان کی پہنچ سے باہر نہیں رہے ہیں۔
انہوں نے دھمکی دی ہے کہ ان کا ہاتھ اب بھی ٹرگر پر ہے اور ہر اس عمل کا جواب دیا جائے گا، جسے وہ غداری تصور کرتے ہیں۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












