ایرانی خطرات عالمی معاشی بحران سے کہیں بڑے ہیں، معاہدہ نہ مانا تو کارروائی ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں صورتحال بہت اچھی ہے اور ایران اس حوالے سے اچھا کام کر رہا ہے، اگر انہوں نے معاہدہ نہ مانا تو کارروائی ہوگی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں اور دیکھیں گے معاملات کیسے چلتے ہیں، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی نیچے آرہی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ، ریڈار اور لیڈر شپ ختم ہوچکی ہے اور اس کے میزائل اور ڈرونز بھی 87 فیصد تباہ ہوچکے ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا طویل فوجی کارروائی کے ممکنہ معاشی نتائج، بشمول عالمی معاشی بحران کے خطرے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ اور ایران مذاکرات نے حتمی معاہدے کیلئے بہترین بنیاد رکھ دی ہے، جے ڈی وینس
جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر ایران معاہدے کی پاسداری کرنے میں ناکام رہا تو کیا وہ ایران پر حملہ کر کے دنیا کو معاشی بحران میں ڈالنے کے لیے تیار ہیں، تو ٹرمپ نے کہا کہ جس طرح میں یہ کام کر رہا ہوں، اس سے معاشی بحران پیدا نہیں ہوگا۔
انہوں نے دلیل دی کہ جوہری ہتھیار کا خطرہ معاشی بحران سے زیادہ بڑا ہے کیونکہ جوہری ہتھیار بہت تیزی سے معاشی بحران کا سبب بنیں گے۔
ٹرمپ نے دہرایا کہ اگر ایران نے معاہدے کی تعمیل نہ کی تو فوجی کارروائی کا آپشن اب بھی موجود ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ امریکی کسانوں سے اشیائے خورونوش کی خریداری کے لیے ایران کے منجمد فنڈز جاری کیے جائیں گے، تاہم اگر ایران معاہدے پر قائم نہیں رہا تو میں وہی کروں گا، جو مجھے کرنا ہے۔
دوسری جانب برطانوی سیاست پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیر اسٹارمر کو جرائم اور امیگریشن جیسے مسائل کی وجہ سے مستعفی ہونا پڑا کیونکہ وہ ان مسائل پر قابو نہیں پاسکے تھے، میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، جبکہ یورپ کے تحفظ کے لیے ہم نے کھربوں ڈالرز خرچ کیے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










