سوڈان : فریقین کے درمیان شہریوں کو تحفظ دینے کے معاہدے پر دستخط کے باوجود لڑائی جاری

سوڈان کے متحارب فریقوں نے جنگ بندی کے بغیر انسانی ہمدردی کے اصولوں کے احترام اور شہریوں کو تحفظ دینے کا عہد کیا ہے، تاہم لڑائی ابھی جاری ہے۔
امریکہ اور سعودی عرب کی سہولت کاری کے ذریعے سوڈان میں طاقت کے لیئے لڑنے والے عبدالفتاح البرہان اور نیم فوجی کمانڈر محمد حمدان ڈگلو کے دھڑوں کے درمیان انسانی ہمدردی کے اصولوں کا احترام اور شہریوں کو ہر وقت تحفظ فراہم کرنے کے عزم پر دستخط کردیئے گئے۔
لیکن زمینی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، دو حریف جرنیلوں کی افواج نے سوڈانی دارالحکومت میں ایک بار پھر فائرنگ کا تبادلہ کیا، جو کہ پچاس لاکھ افراد کا گھر ہے۔ معاہدے کے چند گھنٹوں بعد شہر دھماکوں اور جنگی طیاروں کی آوازوں سے گونج اٹھا۔
یہ بھی پڑھیں : سوڈان میں حریف دھڑے شہریوں کے تحفظ پر متفق ہوگئے : امریکی اہلکار
یہ معاہدہ دونوں فریقوں سے اس بات کا عہد کرواتا ہے کہ وہ رقبے کے لحاظ سے افریقہ کے تیسرے بڑے غریب ملک میں لوٹ مار اور انسانی امداد کو نشانہ بنانے والے حملوں کو روکیں گے۔
اعلامیے میں بجلی، پانی اور دیگر بنیادی خدمات کی بحالی، اسپتالوں سے سکیورٹی فورسز کے انخلاء اور مرنے والوں کی باعزت تدفین کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مذاکرات میں شامل ایک امریکی اہلکار نے کہا کہ یہ جنگ بندی نہیں ہے۔ یہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ان کی ذمہ داریوں کا اثبات ہے۔ ہمیں امید ہے، دستاویز پر دستخط انہیں امداد کیلئے جگہ پیدا کرنے پر مجبور کرے گی۔
اقوام متحدہ کے مطابق شمال مشرقی افریقی ملک کے اندر بے گھر ہونے والے لاکھوں افراد کے علاوہ تقریباً 2 لاکھ افراد سوڈان سے فرار ہو چکے ہیں۔ لڑائی شروع ہونے کے تقریباً ایک ماہ کے دوران 750 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











