جمعرات، 28-مئی،2026
جمعرات 1447/12/11هـ (28-05-2026م)

اقوام متحدہ نے جنسی تشدد کے الزامات پر اسرائیل کو بلیک لسٹ میں شامل کردیا

28 مئی, 2026 15:03

اقوام متحدہ نے ناقابل تردید شواہد کی بنیاد پر اسرائیل، اس کی جیل سروسز اور دیگر حکام کو جنگ زدہ علاقوں میں جنسی تشدد کے مرتکب فریقین کی بلیک لسٹنگ کے لیے مانیٹرنگ میکانزم میں شامل کر لیا ہے۔

اقوام متحدہ نے جنگ زدہ علاقوں میں جنسی تشدد اور بدسلوکی کے الزامات کے تحت اسرائیل کو مانیٹرنگ کی بلیک لسٹ میں شامل کر دیا ہے، جس کے بعد 2026 میں اسے باقاعدہ طور پر سیکریٹری جنرل کی حتمی بلیک لسٹ کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس فہرست میں اسرائیلی جیل سروسز (آئی پی ایس) اور دیگر اہم حکام شامل ہیں، جنہیں اقوام متحدہ کے اندرونی طریقہ کار کے تحت کم از کم ایک سال کے لیے زیر جائزہ رکھا جائے گا۔

یہ فیصلہ فلسطینی قیدیوں، غیر ملکی کارکنوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے اسرائیلی حراستی مراکز میں ہونے والے شدید جنسی استحصال اور تشدد کی رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے۔

گزشتہ سال بدنام زمانہ سدے تیمان حراستی کیمپ سے ایک ویڈیو لیک ہوئی تھی، جس میں اسرائیلی فوجیوں کو ایک آنکھوں پر پٹی بندھے فلسطینی قیدی پر وحشیانہ تشدد اور زیادتی کرتے دیکھا گیا تھا، تاہم اسرائیلی قیادت نے ان فوجیوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ان کے رویے کی تعریف کی تھی۔

حال ہی میں گلوبل صمود فلوٹیلا کے اغوا اور حراست میں لیے گئے کارکنوں نے بھی انکشاف کیا ہے کہ انہیں اسرائیلی قید کے دوران جنسی حملوں اور تذلیل کا نشانہ بنایا گیا۔

اس کے علاوہ خود اسرائیلی فوجیوں کی ایسی ویڈیوز منظر عام پر آئی ہیں، جن میں وہ فلسطینی خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کا اعتراف کرتے ہوئے فخر کا اظہار کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : لبنان پر اسرائیل کی شدید بمباری، 24 گھنٹوں میں 56 شہری شہید

اسرائیلی حکام نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کا یہ اقدام بیرونی دباؤ کا نتیجہ ہے، خاص طور پر جب 2025 میں حماس کو اس فہرست میں شامل کیا گیا تھا، اگرچہ حماس کے خلاف ایسے تمام دعوے پہلے ہی بے بنیاد ثابت ہو چکے ہیں۔

اگست 2025 میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے اسرائیل کو اس ممکنہ شمولیت کے بارے میں پیشگی نوٹس دیا تھا۔

اس فیصلے کے ردعمل میں اسرائیل نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے دفتر کے ساتھ تعلقات منجمد کرنے اور اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ پرامیلا پیٹن کا طے شدہ دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر ڈینی ڈینن نے اس فیصلے کو اخلاقی پستی اور اقوام متحدہ کی ساکھ کا خاتمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو حماس اور داعش جیسی تنظیموں کے برابر لا کھڑا کیا گیا ہے، جبکہ انہوں نے عالمی ادارے پر سیاسی مقاصد کے تحت شواہد کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا۔

دوسری طرف نیویارک ٹائمز میں صحافی نکولس کرسٹوف کی ایک تفصیلی رپورٹ شائع ہوئی ہے، جس میں چودہ مرد اور خواتین قیدیوں کے انٹرویوز کے ذریعے اسرائیلی جیلوں میں منظم جنسی تشدد کی تصدیق کی گئی ہے، جس پر اسرائیلی حکومت نے اخبار اور صحافی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

اسرائیلی انسانی حقوق کی تنظیم بی سیلم کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر یولی نوواک کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا یہ ردعمل پرانا ہے، جس کے تحت وہ ہمیشہ اپنے جرائم کا انکار کرتا ہے، دستاویزی ثبوت لانے والوں پر حملہ کرتا ہے اور اس ظالمانہ نظام کا تحفظ کرتا ہے۔ تنظیم کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک 88 سے زائد فلسطینی قیدی اسرائیلی حراست میں ہلاک ہو چکے ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔