غزہ میں نئی انتظامیہ لانے کی تیاریاں، امن کونسل کے نمائندے جلد پٹی میں داخل ہوں گے، اسرائیلی میڈیا

اسرائیلی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ حماس کے عسکری ونگ کے نئے کمانڈر محمد عودہ کو نشانہ بنانے کے بعد اگلے چند دنوں میں امریکہ کی حمایت یافتہ غزہ امن کونسل کے نمائندے غزہ پٹی میں داخل ہو سکتے ہیں۔
اسرائیلی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے حماس کے عسکری ونگ کے نئے سربراہ محمد عودہ کو نشانہ بنانے کے اعلان کے بعد اب غزہ کی پٹی میں عبوری انتظامات کو تیز کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
اسرائیلی حکام کا ماننا ہے کہ محمد عودہ کی شہادت سے غزہ پٹی کے اندر عبوری مرحلے کے انتظامات کو آگے بڑھانے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے، جس کے تحت امریکہ کی حمایت یافتہ غزہ امن کونسل سے وابستہ شخصیات اور نئی سول انتظامیہ پٹی میں داخل ہوگی۔
تاہم اسرائیلی ادارے نے غزہ میں داخل ہونے والی ان شخصیات کی نوعیت یا ان علاقوں کی وضاحت نہیں کی، جہاں سے یہ سرگرمیاں شروع ہوں گی، اور نہ ہی ابھی تک کونسل یا امریکہ کی جانب سے اس کی کوئی باضابطہ تصدیق کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ میں رہائشی مکان پر اسرائیلی فضائی حملہ، 7 فلسطینی شہید اور 18 زخمی
یہ پیش رفت امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے حماس پر دباؤ بڑھانے کے درمیان سامنے آئی ہے تاکہ جنگ کے بعد کے انتظامات کے تحت حماس کو مرحلہ وار غیر مسلح ہونے کے منصوبے کو قبول کرنے پر مجبور کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ حماس اور غزہ امن کونسل کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے تھے، کیونکہ حماس نے اپنے ہتھیاروں کو مکمل طور پر چھوڑنے سے انکار کر دیا تھا، جسے واشنگٹن اور تل ابیب پٹی میں دوبارہ تعمیر نو اور سیاسی منتقلی کے منصوبے کی کامیابی کے لیے ایک بنیادی شرط سمجھتے ہیں۔
غزہ امن کونسل اس امریکی منصوبے کا حصہ ہے، جو پٹی میں جنگ کے خاتمے کے لیے 2025 کے آخر میں شروع کیا گیا تھا، جس کی قیادت عالمی مندوب نکولے ملادی نوف کر رہے ہیں۔ دوسری طرف حماس اب بھی پٹی سے اسرائیل کے مکمل انخلا سے قبل اپنے ہتھیار چھوڑنے سے انکار پر قائم ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









