عالمی برادری امریکی و اسرائیلی بربریت کیخلاف ایران کا ساتھ دے، ایرانی وزارت خارجہ

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کی بربریت اور لاقانونیت کے خلاف ایران کے حق میں آواز بلند کریں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک جذباتی اور سخت بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دنیا بربریت اور تسلط پسندی کو مسترد کرتی ہے تو اسے ایران کے حق میں آواز اٹھانی چاہیے۔
انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ وہ عملی اقدامات کرے اس سے پہلے کہ جارح قوتیں پوری دنیا کو لاقانونیت اور محکومیت کے گڑھے میں دھکیل دیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران پر جو جنگ مسلط کی، وہ محض زمین کے کسی ٹکڑے یا قدرتی وسائل کے حصول کے لیے نہیں ہے بلکہ یہ جنگ موجودہ اور آنے والے دور میں اچھائی اور برائی کے معنیٰ متعین کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی دھمکیاں اور اشتعال انگیزی امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں، ایرانی وزیر خارجہ
اسماعیل بقائی نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال کے دوران ایران پر دوسری بار حملہ کرنے والے جنگی قوانین کی خلاف ورزی پر خوشیاں مناتے ہیں اور اپنے سیاسی کھیل کے لیے بے گناہ انسانوں کا قتل عام کر رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ جہاں ایک طرف حملہ آور انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں، وہیں دوسری طرف ایرانی عوام ہر حد تک جا کر بے گناہوں کی جانیں بچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
ترجمان نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے کہا کہ ایسے تاریخی لمحات میں خاموشی اختیار کرنا برائی کا ساتھ دینے کے مترادف ہے، اس لیے دنیا کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












