تھائی لینڈ میں مال گاڑی اور مسافر بس میں ہولناک ٹکر، آٹھ افراد ہلاک

تھائی لینڈ میں ایک تیز رفتار مال گاڑی اور مسافر بس کے درمیان ہونے والے ہولناک حادثے میں 8 افراد ہلاک اور درجنوں شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں ایک مال بردار ٹرین اور پبلک بس کے درمیان زوردار ٹکر ہوئی۔ پولیس اور امدادی ٹیموں کے حکام نے میڈیا کو بتایا کہ مکہ سان ٹرین اسٹیشن کے قریب شہر کے بالکل وسطی علاقے میں یہ حادثہ اس وقت پیش آیا، جب مسافروں سے بھری ایک پبلک بس ریلوے ٹریک سے گزر رہی تھی۔
تصادم اتنا شدید تھا کہ ٹکر لگتے ہی مسافر بس میں ہولناک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی۔
اس خوفناک واقعے کے دوران ریلوے ٹریک کے ارد گرد موجود کئی دیگر گاڑیاں بھی اس کی زد میں آکر شدید متاثر ہوئیں، جس کے بعد پورے علاقے میں چیخ و پکار مچ گئی اور ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی ثالثی ناکام نہیں ہوئی، آبنائے ہرمز دوستوں کیلئے مکمل کھلا ہے، ایرانی وزیر خارجہ
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور درجنوں ریسکیو اہلکار فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ امدادی ٹیموں نے انتہائی تگ و دو کے بعد گاڑیوں کے ملبے کو کاٹ کر زخمیوں اور لاشوں کو باہر نکالا، جبکہ فائر فائٹرز نے بس اور دیگر گاڑیوں میں لگی شدید آگ پر قابو پانے کے لیے طویل جدوجہد کی۔
ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 8 افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ درجنوں افراد شدید جھلس کر اور چوٹیں آنے کے باعث اسپتالوں میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تھائی لینڈ کے نائب وزیر ٹرانسپورٹ سری پونگ انگکاساکولکیاٹ نے ابتدائی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا، جب شدید ٹریفک جام کی وجہ سے مسافر بس ریلوے ٹریک کے بالکل اوپر ہی رکنے پر مجبور ہو گئی تھی، جس کے باعث ریلوے کراسنگ کے حفاظتی بیریئرز خودکار طریقے سے بند نہ ہو سکے۔
اسی دوران کنٹینرز سے لدی مال گاڑی تیز رفتاری کے باعث وقت پر بریک نہ لگا سکی اور بس کو ہٹ کر گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور گیس کے اخراج کو روکنے کا کام جاری ہے، جبکہ حادثے کی مکمل اور حتمی وجوہات جاننے کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












