افغان مندوب نے طالبان رجیم کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ میں نشست کا دعویٰ مسترد کردیا

اقوام متحدہ میں قائم مقام افغان مندوب نے طالبان رجیم کو دہشت گرد، غیر قانونی اور عوام دشمن قرار دیتے ہوئے ان کا اقوام متحدہ میں نشست کا دعویٰ یکسر مسترد کر دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں قائم مقام افغان مندوب نصیر احمد فائق نے طالبان رجیم کو دہشت گرد، غیر قانونی اور عوام دشمن قرار دیتے ہوئے افغانستان کے قائم مقام مندوب کی حیثیت سے طالبان رجیم کا اقوام متحدہ میں نشست کا دعویٰ یکسر مسترد کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں نمائندگی ان حکومتوں کا آئینی و جائز حق ہے، جو عوامی امنگوں کی بنیاد پر برسراقتدار آئی ہوں۔ گزشتہ پانچ سال میں طالبان رجیم نے نہ افغان عوام کے جائز مطالبات مانے اور نہ ہی عالمی برادری کی پرواہ کی۔
یہ بھی پڑھیں : طالبان رجیم دہشتگرد تنظیموں کی سرپرستی کر رہی ہے، چین اور روس کا مشترکہ اعلامیہ
نصیر احمد فائق کا مزید کہنا تھا کہ عالمی دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی اور حمایت سے افغانستان اور خطے میں امن و امان کی صورتحال مزید خراب ہوئی ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ افغانستان میں کوئی جائز قومی نظام موجود نہیں، کرپشن، بیروزگاری، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، تو طالبان رجیم کس بنیاد پر اقوام متحدہ میں نشست مانگ رہی ہے؟
عالمی ماہرین کے مطابق افغان مندوب کا یہ سخت ردعمل طالبان رجیم کے طرز حکمرانی پر عالمی برادری کے مسلسل عدم اعتماد اور سنگین تحفظات کی عکاسی کرتا ہے۔
ماہرین نے مزید کہا کہ طالبان رجیم کی ہٹ دھرمی نے افغانستان کو عالمی تنہائی، معاشی بحران اور انسانی مسائل کے ایک پیچیدہ دوراہے پر لا کھڑا کیا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










