جمعرات، 4-جون،2026
جمعرات 1447/12/18هـ (04-06-2026م)

روس نے جھوٹا پروپیگنڈا کرنے پر 5 برطانوی صحافیوں و ماہرین پر پابندی لگا دی

03 جون, 2026 10:20

روس نے جھوٹا پروپیگنڈا کرنے اور یوکرین جنگ کے بہانے دباؤ بڑھانے کے الزام میں 5 برطانوی صحافیوں اور ماہرین کو بلیک لسٹ کر کے ان کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔

روس کی وزارت خارجہ نے اقاعدہ اعلان کیا ہے کہ اس نے اپنی ممنوعہ فہرست (اسٹاپ لسٹ) کو مزید بڑھا دیا ہے اور اس میں 5 برطانوی صحافیوں اور ماہرین کو شامل کر لیا ہے۔

روس کا الزام ہے کہ یہ افراد روسی حکومت کی پالیسیوں اور وہاں کی سماجی و سیاسی صورتحال کے بارے میں من گھڑت، جھوٹی اور گمراہ کن معلومات پھیلانے میں ملوث ہیں۔

روس کے مطابق یہ برطانوی شہری یوکرین میں جاری فوجی آپریشن کی آڑ میں روس کے خلاف توہین آمیز باتیں پھیلا رہے تھے اور روس پر عالمی دباؤ بڑھانے کی وکالت کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : بحیرہ کیسپین راہداری: ایران اور روس کا امریکی پابندیوں کو بائی پاس کرنے کا ماسٹر پلان

یوکرین جنگ کے بعد سے ماسکو اور لندن کے تعلقات انتہائی خراب ہو چکے ہیں اور اس تازہ ترین اقدام سے دونوں ملکوں میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

روسی وزارت خارجہ نے برطانیہ پر زور دیا ہے کہ وہ روس دشمن پالیسیاں ترک کرے اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کی حکومت کی حمایت بند کرے۔

روس کا کہنا ہے کہ یوکرین کے لیے برطانوی مدد کی وجہ سے وہاں مزید جانی و مالی نقصان ہو رہا ہے۔ روس نے وارننگ دی ہے کہ روس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے یا پابندیاں بڑھانے کی کسی بھی برطانوی کوشش کا انتہائی سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

دوسری طرف، روسی وزارت خارجہ کے عہدیدار الیگزینڈر گساروف نے برطانوی سیاسی قیادت پر الزام لگایا ہے کہ وہ روس کو کمزور کرنے کے لیے پورے یورپ کو روس کے خلاف جنگ کے لیے اکسا رہی ہے، جبکہ خود برطانیہ میں براہ راست اس جنگ میں کودنے کی معاشی یا فوجی طاقت موجود نہیں ہے۔

روس کا دعویٰ ہے کہ برطانیہ سیاسی چالوں سے روس اور امریکہ کے تعلقات بھی بہتر نہیں ہونے دے رہا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔