بدھ، 24-جون،2026
بدھ 1448/01/09هـ (24-06-2026م)

میں نے طیارہ مار گرائے جانے سے قبل ایران کے جیلی فش ڈرونز کو دیکھا، امریکی پائلٹ

24 جون, 2026 11:52

ایران کے فضائی دفاعی نظام کے ہاتھوں مار گرائے جانے والے امریکی جنگی طیارے کے پائلٹ نے ایرانی ڈرونز کی ایک انوکھی اور انتہائی جدید ترین فارمیشن ‘جیلی فش’ دیکھنے کا سنسنی خیز انکشاف کیا ہے۔

رواں سال اپریل میں ایران کی فضائی حدود میں مار گرائے جانے والے امریکی ایف-15 جنگی طیارے کے پائلٹ نے انٹیلی جنس حکام کو دیئے گئے اپنے حالیہ بیان میں ایک ایسا انکشاف کیا ہے، جس نے امریکی سکیورٹی اور فوجی ماہرین کو گہری تشویش اور حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔

پائلٹ کے مطابق طیارے سے نکلنے سے بلکل پہلے اس نے فضا میں بڑی تعداد میں ایرانی ڈرونز کو ایک ساتھ جڑے ہوئے، ایک خاص ترتیب میں اڑتے دیکھا، جو دور سے کسی ‘جیلی فش’ کی طرح دکھائی دے رہے تھے۔

دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر پائلٹ کا یہ مشاہدہ درست ہے تو یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ایران نے ڈرون ٹیکنالوجی کی دنیا میں انتہائی خطرناک اور غیر معمولی ترقی کر لی ہے، جس کا توڑ ابھی تک مغربی ممالک کے پاس موجود نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران نے اپنی عسکری حکمت عملی دفاعی کے بجائے جارحانہ کردی، پیشگی حملے کا انتباہ

پائلٹ نے اس منظر کو خلائی مخلوق جیسی چیز سے تشبیہ دی، جہاں بڑے ڈرونز کے نیچے چھوٹے ڈرونز ٹانگوں کی طرح جڑے ہوئے حرکت کر رہے تھے۔

امریکی حکام اب اس بات کی گہرائی سے تحقیقات کر رہے ہیں کہ کیا اسی جدید ڈرون نیٹ ورکنگ کی وجہ سے ہی ایران امریکی جیٹ طیارے کو گرانے میں کامیاب ہوا، کیونکہ تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا، جب ایران نے براہ راست تصادم کے دوران کوئی امریکی طیارہ مار گرایا ہو۔

تکنیکی زبان میں ڈرونز کی اس صلاحیت کو ‘ون ٹو مینی میشڈ نیٹ ورکنگ’ کہا جاتا ہے، جس کی مدد سے ایک ہی آپریٹر بیک وقت درجنوں ڈرونز کو ایک مربوط گروپ کی شکل میں چلا سکتا ہے۔

عسکری ماہرین کا تجزیہ ہے کہ یہ ٹیکنالوجی روس اور چین کے پاس تو موجود ہے لیکن ایران کی جانب سے اس کا استعمال خطے میں موجود امریکی اور اسرائیلی افواج کے لیے سکیورٹی کا توازن بلکل بدل کر رکھ دے گا۔

ڈرون جنگ کی ماہر ایما بیٹس کا کہنا ہے کہ اگر کوئی ڈرون سسٹم خود کو ایک شکل میں برقرار رکھ کر دھماکہ خیز مواد کے ساتھ حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، تو یہ دفاعی نظام کے لیے ایک انتہائی مہلک اور ناقابل شکست خطرہ بن جاتا ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ اس نئی عسکری صلاحیت کے سامنے آنے کے بعد امریکہ کو مذاکرات کی میز پر ایران کے سامنے اپنا مؤقف مزید نرم کرنا پڑ سکتا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔