اسرائیل غزہ میں فلسطینی بچوں کو جان بوجھ کر نشانہ بناتا ہے، اقوام متحدہ کی رپورٹ

اقوام متحدہ کی ایک تحقیقاتی کمیٹی نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فلسطینی بچوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو نسل کشی اور جنگی جرائم ہے۔
اقوام متحدہ کے ایک تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ میں یہ ہولناک انکشاف سامنے آیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں معصوم فلسطینی بچوں کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو کہ نسل کشی، جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔
رپورٹ میں اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی اس اسرائیلی جنگ کے دوران بچوں کے خلاف ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ کی جنگ میں اب تک شہید ہونے والے کل افراد میں سے تقریباً 30 فیصد تعداد صرف بچوں کی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے بچوں کی پیدائش اور زچگی کے مراکز کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا ہے تاکہ فلسطینیوں کی نسل نو کے مستقبل اور نومولود بچوں کی بقا کو خطرے میں ڈالا جا سکے، جس کی وجہ سے اسقاط حمل اور بچوں میں پیدائشی معذوری کے کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔
تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ سری نواسن مرلیدھر کا کہنا ہے کہ شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے فلسطینی بچوں کو چن چن کر نشانہ بنایا اور شہید کیا۔
یہ بھی پڑھیں : واشنگٹن میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان براہ راست مذاکرات کا دوبارہ آغاز
انہوں نے بتایا کہ اکتوبر 2025 میں ہونے والی نام نہاد جنگ بندی کے بعد بھی بچوں کے زخمی اور شہید ہونے کا سلسلہ رکا نہیں ہے کیونکہ اسرائیل عالمی قوانین اور بچوں کے تحفظ کے اصولوں کو بلکل ہوا میں اڑا رہا ہے۔
اقوام متحدہ کی بچوں کی تنظیم یونیسیف کے مطابق اسرائیل کی اس جنگ میں اب تک 50 ہزار سے زائد بچے شہید یا زخمی ہو چکے ہیں اور جنگ بندی کے باوجود روزانہ اوسطاً ایک فلسطینی بچہ شہید ہو رہا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بچوں کو نہ صرف قتل کیا گیا بلکہ انہیں گرفتار کر کے اسرائیلی جیلوں میں بدترین تشدد اور جنسی زیادتی کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
الجزیرہ کی ایک حالیہ ڈاکومنٹری میں بھی سابق اسیر بچوں کے انٹرویو دکھائے گئے ہیں، جنہوں نے بتایا کہ کس طرح اسرائیلی فوجیوں نے انہیں برہنہ کر کے ان کی ویڈیوز بنائیں اور ان کا مذاق اڑایا۔
کمیشن نے ان اسرائیلی فوجی یونٹوں کی نشاندہی بھی کر لی ہے، جو بچوں پر حملوں میں ملوث ہیں اور اسرائیل سے فوری طور پر یہ تشدد روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب جنیوا میں اسرائیلی مشن نے اس رپورٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے ایک جھوٹا پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










