جمعرات، 25-جون،2026
جمعرات 1448/01/10هـ (25-06-2026م)

وینزویلا میں 2 شدید ترین زلزلے، 32 افراد ہلاک اور متعدد عمارتیں تباہ، ملک میں ایمرجنسی نافذ

25 جون, 2026 15:25

جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں یکے بعد دیگرے آنے والے 2 شدید ترین زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

وینزویلا میں بدھ کی شام آنے والے 2 طاقتور زلزلوں نے دارالحکومت کاراکاس سمیت ملک کے کئی حصوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق پہلا زلزلہ 7.2 شدت کا تھا، جس کی گہرائی 22 کلومیٹر تھی، جبکہ ٹھیک ایک منٹ بعد آنے والے دوسرے زلزلے کی شدت 7.5 ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز زمین میں صرف 10 کلومیٹر گہرا تھا۔

یہ زلزلے وینزویلا کی تاریخ میں ایک صدی سے زائد عرصے کے دوران آنے والے سب سے طاقتور ترین زلزلوں میں سے ایک ہیں، جن کے جھٹکے 1700 کلومیٹر دور پڑوسی ملک برازیل اور کولمبیا میں بھی محسوس کیے گئے۔

قائم مقام صدر ڈیلیسی روڈریگز نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور تمام طبی عملے کو فوری طور پر اسپتالوں میں پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زلزلے سے سب سے زیادہ نقصان ساحلی ریاست لاگوائرا میں ہوا ہے، جسے آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : صدر اور وزیر اعظم کا وینزویلا زلزلے پر اظہار افسوس

اب تک 32 افراد کی ہلاکت اور 700 سے زائد زخمیوں کی تصدیق ہو چکی ہے، تاہم ان ارقام میں لاگوائرا کے نقصانات شامل نہیں ہیں، جہاں درجنوں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں، اس لیے ہلاکتوں کی تعداد میں بڑے اضافے کا امکان ہے۔ کئی عینی شاہدین نے ملبے تلے دبے لوگوں کی مدد کے لیئے آوازیں بھی سنیں۔

سرکاری میڈیا کے مطابق امدادی ٹیموں نے لاگوائرا میں ملبے تلے دبے 3 بچوں کو زندہ نکال لیا ہے۔ زلزلے کے خوفناک جھٹکوں کے باعث دارالحکومت کاراکاس میں لوگ خوف و ہراس کے عالم میں عمارتوں سے باہر نکل آئے اور سڑکوں پر رات گزاری۔

شہر کی سب وے ٹرین سروس بند کر دی گئی ہے اور گیس کی سپلائی بھی روک دی گئی ہے۔ وزارتِ تعلیم نے اسکولوں کو بند کر کے انہیں عارضی پناہ گاہوں اور امدادی مراکز میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

زلزلے کی وجہ سے سمون بولیوار انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی نقصان پہنچا، جس کے بعد اسے ہر قسم کی پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

موبائل سروس معطل ہونے کی وجہ سے بیرون ملک مقیم 77 لاکھ سے زائد تارکینِ وطن کو وینزویلا میں موجود اپنے پیاروں سے رابطہ کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس بڑی قدرتی آفت پر دنیا بھر سے وینزویلا کے لیے امداد کی پیشکش کی جا رہی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔