پیر، 29-جون،2026
پیر 1448/01/14هـ (29-06-2026م)

امریکہ اور ایران حملے روکنے پر متفق، آبنائے ہرمز تنازع پر قطر میں مذاکرات ہوں گے

29 جون, 2026 09:27

امریکہ اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز کے تنازع کو حل کرنے اور حملے روکنے پر اتفاق ہو گیا، جس کے بعد دونوں ممالک کے نمائندے منگل کو قطر کے شہر دوحہ میں مذاکرات کریں گے۔

امریکہ اور ایران طویل عرصے سے جاری کشیدگی کے بعد ایک دوسرے پر حملے بند کرنے پر متفق ہو گئے ہیں، اور دونوں ممالک کے نمائندے آبنائے ہرمز کے شدید تنازع کو حل کرنے کے لیے منگل کو قطر میں ملاقات اور اہم مذاکرات کریں گے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی میڈیا کی جانب سے رپورٹ سامنے آنے کے بعد خطے میں کشیدگی کم ہونے کی بڑی امید پیدا ہوئی ہے، جس نے طویل عرصے تک توانائی کی عالمی منڈیوں کو شدید متاثر رکھا تھا۔ اس معاہدے کے بعد بھی بحری جہازوں کی آمد و رفت کے حوالے سے اب بھی کچھ خدشات پائے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی سپریم لیڈر کا امریکہ اور اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ چلانے کا حکم

ایک سینیر امریکی اہلکار نے ویب سائٹ ایکسیوس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تمام کنیٹیک سرگرمیوں کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے، جو کہ حملوں کو روکنے کے تناظر میں استعمال ہونے والی ایک فوجی اصطلاح ہے۔

ایک اور امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک فی الوقت اپنی کارروائیاں روک دیں گے اور آگے کی بات چیت کے دوران جہاز آزادانہ طور پر نقل و حرکت کر سکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق اس معاملے سے واقفیت رکھنے والے ایک تیسرے سورس نے تصدیق کی ہے کہ فریقین کے نمائندے منگل کو دوحہ میں ملاقات کریں گے۔

امریکی نیوز چینل سی این این نے بھی رپورٹ دی ہے کہ صدر ٹرمپ کی انتظامیہ اور ایران نے لڑائی روکنے اور بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔