جمعہ، 12-جون،2026
جمعہ 1447/12/26هـ (12-06-2026م)

پاکستان میں مہنگائی کی شرح 59 سالہ تاریخ کی کم ترین پر آگئی

03 اپریل, 2025 16:43

مارچ 2025 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح سال بہ سال کی بنیاد پر 0.7 فیصد رہی جو فروری 2025 کے مقابلے میں کم ہے۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر مارچ 2025 میں مہنگائی کی شرح 0.9 فیصد بڑھی جب کہ اس سے پچھلے مہینے میں 0.8 فیصد کی کمی اور مارچ 2024 میں 1.7 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) نے ایک نوٹ میں کہا کہ یہ دسمبر 1965 کے بعد سے سب سے کم ریڈنگ ہے یعنی اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق 59 سال کی کم ترین سطح ہے۔

مالی سال 2025 کے 9 ماہ کے دوران سی پی آئی افراط زر کی اوسط 5.25 فیصد رہی جو مالی سال 2024 کے 9 ماہ میں 27.06 فیصد تھی۔

پاکستان میں افراط زر خاص طور پر حالیہ برسوں میں ایک اہم اور مستقل معاشی چیلنج رہا ہے۔ مئی 2023 میں سی پی آئی افراط زر کی شرح 38 فیصد کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ تاہم، اس کے بعد سے یہ نیچے کی طرف جا رہی ہے۔

چند روز قبل فنانس ڈویژن نے کہا تھا کہ مارچ میں ہیڈ لائن افراط زر 1 سے 1.5 فیصد کی حد میں رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مارچ 2025 میں افراط زر کی شرح 1.0 سے 1.5 فیصد اور اپریل 2025 میں 2 سے 3 فیصد تک رہ سکتی ہے۔

مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے اپنے گزشتہ اجلاس میں پالیسی ریٹ کو 12 فیصد پر مستحکم رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

کمیٹی نے نوٹ کیا کہ فروری 2025 میں افراط زر توقع سے کم رہا جس کی بنیادی وجہ خوراک اور توانائی کی قیمتوں میں کمی ہے۔

پی بی ایس نے کہا کہ مارچ 2025 میں شہری سطح پر سی پی آئی افراط زر کی شرح کم ہو کر 1.2 فیصد رہ گئی جو اس سے پہلے کے مہینے میں 1.8 فیصد اور مارچ 2024 میں 21.9 فیصد تھی۔

سی پی آئی افراط زر کی دیہی شرح میں مارچ 2025 میں سال بہ سال کی بنیاد پر کوئی تبدیلی نہیں آئی جبکہ اس سے پچھلے مہینے میں یہ 1.1 فیصد اور مارچ 2024 میں 19 فیصد تھی۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔