سانحہ 9 مئی کے مفرور ملزمان شیر شاہ اور شاہریز خان گرفتار

سانحہ 9 مئی؛ حکومت کا پی ٹی آئی مطالبے پر جوڈیشل کمیشن بنانے سے انکار
کراچی: سانحہ 9 مئی 2023 کے مرکزی مفرور ملزمان شیر شاہ خان اور شاہریز خان کو بالآخر قانون کے شکنجے میں لے لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے شواہد کی بنیاد پر دونوں کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ ملزم شیر شاہ خان کو 22 اگست 2025 کو پاکستان واپسی پر حراست میں لیا گیا۔ وہ 9 مئی کے جناح ہاؤس حملے میں ملوث تھا اور سزا یافتہ مجرم حسان نیازی کے ساتھ جائے وقوعہ پر موجود تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق، شیر شاہ جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، پولیس وین کو آگ لگانے اور پولیس اہلکاروں پر حملوں میں بھی شریک تھا۔ پولیس کے پاس اس کی موجودگی کے ویڈیو شواہد اور جیو فینسنگ ریکارڈ موجود ہیں۔
شیر شاہ خان واقعے کے بعد روپوش ہوا اور بعدازاں لندن فرار ہوگیا، جہاں وہ دو سال تک پروپیگنڈے کی آڑ میں ریاست کے خلاف ڈیجیٹل مہمات چلاتا رہا۔ پاکستان واپسی پر گرفتاری کے بعد پولیس نے اس کے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ہے تاکہ پولی گرافک ٹیسٹ سمیت مزید تفتیش کی جا سکے۔
اسی طرح دوسرا ملزم شاہریز خان بھی 9 مئی کے حملے اور منصوبہ بندی میں براہ راست ملوث پایا گیا۔ اسے 21 اگست 2025 کو شواہد کی بنیاد پر باقاعدہ گرفتار کیا گیا اور 22 اگست کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ شاہریز کا نام ستمبر 2023 کی ضمنی رپورٹ میں بھی شامل تھا۔ پولیس نے عدالت سے اس کے بھی 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں بھائی طویل عرصے سے قیادت کی آڑ میں روپوش تھے اور بیرونِ ملک سے پاکستان کے خلاف ڈیجیٹل میڈیا سیل بھی چلا رہے تھے۔
ادھر حکومتی اور تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہریز اور شیر شاہ کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ جو بھی ریاست، عوام یا اداروں پر حملہ کرے گا، وہ احتساب سے نہیں بچ سکے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ 9 مئی ایک "غداری” تھی اور اس کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
گرفتاریوں کے بعد سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ریاستی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈے کا سلسلہ جاری ہے تاہم پولیس کا مؤقف ہے کہ عدالتوں سے ریمانڈ آرڈرز حاصل کیے گئے ہیں جو اس پورے عمل کی قانونی حیثیت کو واضح کرتے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









