عالمی سیاست کا نیا مرکز، پاکستان کی بڑھتی ہوئی اسٹریٹیجک اور سفارتی اہمیت

بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے میں پاکستان ایک اسٹریٹیجک پل بن کر ابھرا ہے، جہاں اسلام آباد مذاکرات کی کامیابی اور عالمی مبصرین کے مثبت تجزیوں نے بھارت اور اسرائیل کے پاکستان مخالف بیانیے کو جڑ سے اکھاڑ دیا ہے۔
دنیا کے تیزی سے بدلتے ہوئے سیاسی اور معاشی حالات میں پاکستان کی اہمیت عالمی طاقتوں کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ نمایاں ہو کر سامنے آئی ہے۔
حالیہ اسلام آباد مذاکرات کے بعد پاکستان خطے اور عالمی سفارت کاری میں ایک کلیدی کھلاڑی کے طور پر ابھرا ہے، جس سے پاکستان کے امریکہ اور مغربی دنیا کے ساتھ تعلقات کو ایک نئی اور مثبت جہت ملی ہے۔
اس بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت کا سب سے بڑا ثمر یہ نکلا ہے کہ عالمی سطح پر اسرائیل اور بھارت کی جانب سے برسوں سے بنایا گیا، پاکستان مخالف بیانیہ اب غیر مؤثر ہو چکا ہے۔
عالمی طاقتیں اب پاکستان کو محض ایک ریاست کے طور پر نہیں بلکہ علاقائی استحکام کے ضامن کے طور پر دیکھ رہی ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے معروف تجزیہ کار فرید ذکریا نے پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور مسلم دنیا کے درمیان ایک اسٹریٹیجک پل قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتے ہوئے مقابلے، توانائی کی راہداریوں، افغانستان کی صورتحال، ایران کے ساتھ تعلقات اور اہم معدنیات کے حصول کی دوڑ میں پاکستان کی جغرافیائی حیثیت ناگزیر ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کے خلاف عالمی میڈیا کا منظم پروپیگنڈا، نیتن یاہو سے لنڈسے گراہم تک ایک ہی بیانیہ
فرید ذکریا کے مطابق امریکہ اب پاکستان کو ماضی کے محدود تناظر یا صرف دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے نہیں دیکھتا، بلکہ واشنگٹن اب اس حقیقت کو تسلیم کرتا ہے کہ حساس اور مشکل خطوں میں اسے پاکستان جیسے مستحکم اور قابلِ اعتماد شراکت دار کی ضرورت ہے۔
پاک امریکہ تعلقات اب محض وقتی سیاسی بیانیوں کے محتاج نہیں رہے بلکہ یہ گہرے اسٹریٹیجک مفادات کی بنیاد پر استوار ہو چکے ہیں۔
دفاعی اور خارجہ امور کے ماہرین کا بھی یہی ماننا ہے کہ چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ، افغانستان کی غیر یقینی صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی سیاست نے پاکستان کے کردار کو مزید مستحکم کر دیا ہے۔
پاکستان کی جغرافیائی پوزیشن، وافر معدنی وسائل اور علاقائی رابطہ کاری کی صلاحیت اسے عالمی طاقتوں کے لیے ایک مجبوری بنا دیتی ہے۔
ماہرین کے مطابق وقتی پروپیگنڈا اور میڈیا پر مبنی منفی بیانیے پاکستان اور امریکہ کے طویل المدتی مفادات کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔
اب واشنگٹن میں بھی یہ سوچ مضبوط ہو رہی ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو صرف سیکیورٹی تک محدود رکھنے کے بجائے معیشت، تجارت، معدنیات اور علاقائی استحکام کی بنیاد پر آگے بڑھایا جائے۔
پاکستان خطے میں اپنی فعال سفارت کاری اور جیو اسٹریٹیجک روابط کے باعث عالمی سیاست میں اپنی اہمیت کا لوہا مسلسل منوا رہا ہے۔
Catch all the تجزیہ و بلاگز News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











