اتوار، 22-مارچ،2026
اتوار 1447/10/03هـ (22-03-2026م)

چینی وزیرِ خارجہ کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات؛ پاک چین دوستی مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

24 اگست, 2025 18:15

اسلام آباد: چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات ہوئی، فیلڈ مارشل نے کہا چین پاکستان کا "آہنی دوست” ہے۔

 چین کی وزارت خارجہ  نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم ملاقات میں وانگ ای کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج قومی استحکام کا ستون اور پاک–چین دوستی و تعاون کی مضبوط محافظ ہے۔

پاکستانی فوج نے ہمیشہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاقِ رائے پر عمل درآمد کی بھرپور حمایت کی ہے،دنیا میں پیدا ہوتے ہوئے غیر یقینی حالات میں مضبوط پاک–چین تعلقات کو فروغ دینا علاقائی امن و استحکام کے لیے نہایت سودمند ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ اپنی پڑوسی سفارت کاری میں پاکستان کو اولین ترجیح دی ہے، وقت کے کڑے امتحانات کے باوجود پاک–چین تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ایک مضبوط روایتی دوستی قائم کر چکے ہیں، چین پاکستان کی علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا،چین عالمی امور میں پاکستان کے بڑے کردار کا خیرمقدم کرتا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ چین پاکستان کا "آہنی دوست” ہے اور دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک رہے ہیں، پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری چٹان کی طرح مضبوط ہے۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنا پورے پاکستانی قوم کا متفقہ موقف ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر  نے  پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں قیمتی تعاون پر چین کی قیادت سے اظہارِ تشکر کیا اور کہا پاکستانی فوج انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی تعاون کو فعال طور پر فروغ دینے کیلئے تیار ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنانے کی کوشش جاری رہے گی، پاک–چین دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اقدامات اور ترقی کی راہ پر سفر جاری رکھا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔