جمعہ، 6-فروری،2026
جمعہ 1447/08/18هـ (06-02-2026م)

قائداعظم اور علامہ اقبال کی زندگی پر ارطغرل طرز کی سیریز بنانے کا فیصلہ،ایک ارب مختص

29 جنوری, 2026 12:19

وفاقی حکومت نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کی زندگی پر ارطغرل طرز کی تاریخی ڈرامہ سیریز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے لیے ایک ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔

یہ اعلان قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ثقافت و ورثہ کے اجلاس میں سامنے آیا، جس کی صدارت سیدہ نوشین افتخار نے کی۔ اجلاس میں ملک کے ثقافتی اور تاریخی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

سیکرٹری قومی ورثہ نے کمیٹی کو بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر یہ منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے تاکہ قائداعظم اور علامہ اقبال کی جدوجہد اور خدمات کو جدید ڈرامائی انداز میں پیش کیا جا سکے اور نوجوان نسل کو اپنی تاریخ سے جوڑا جا سکے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ علامہ اقبال اکیڈمی نے علامہ اقبال کے نواسوں اور پوتوں کے انٹرویوز کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، جو فروری کے اختتام تک مکمل ہو جائے گا۔ کمیٹی نے علامہ اقبال کے خاندان سے ملاقات کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ ارطغرل طرز کی سیریز کا انتخاب اس لیے کیا گیا کہ ترک تاریخی ڈرامہ ارطغرل نے پاکستان میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کی اور نوجوانوں کو اسلامی تاریخ سے روشناس کرانے میں مدد دی۔

اجلاس میں دیگر ثقافتی منصوبے بھی زیر غور آئے۔ حکام نے بتایا کہ سندھ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتیں ثقافت اور ورثے کے فروغ میں سرگرم ہیں۔ ساتھ ہی چھ فروری کو عالمی مجسمہ نمائش کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

قائمہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ طلبہ کے لیے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے باقاعدہ مطالعاتی دورے کرائے جائیں تاکہ نوجوان نسل کو قومی ثقافت اور تاریخ سے جوڑا جا سکے۔

Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔