کچھ اراکین اسمبلی وزیر اعلیٰ بننے کے لیے سی ویز بھیج رہے ہیں، جنہیں وہ اپنی جیب میں رکھیں، بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر سہیل آفریدی ہی برقرار رہیں گے، کچھ اراکین اسمبلی وزیر اعلیٰ بننے کے لیے اپنی سی ویز بھیج رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی پارٹی کے کچھ اراکینِ صوبائی اسمبلی وزیر اعلیٰ بننے کے لیے اپنی سی ویز بھیج رہے ہیں اور وہ ایسے تمام اراکین کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ اپنی سی ویز اپنی جیبوں میں ہی رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر سہیل آفریدی ہی برقرار رہیں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی سے ٹیلی فونک رابطے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ان کی اسپیکر سے کل بات ہو چکی ہے اور آج ان کی ملاقات کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ اسپیکر کی آج پیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات طے ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت کا خیبر پختونخوا کی صورتحال پر آئینی اقدامات اور گورنر راج کے امکانات پر غور
شوکت یوسفزئی کی طرف سے خط ملنے کے سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہیں اس ہفتے پارٹی کے 180 خطوط موصول ہوئے ہوں گے اور ہر خط کا جواب دینا ممکن نہیں ہوتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ شوکت یوسفزئی کے ساتھ پارٹی کا کوئی اختلاف نہیں ہے اور وہ بدستور پارٹی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات کے طور پر کام کر رہے ہیں کیونکہ یہ ایک مکمل جمہوری پارٹی ہے۔
لانگ مارچ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ لانگ مارچ ان کا حتمی سیاسی اور پرامن فیصلہ ہے اور وہ کسی پر کوئی چڑھائی نہیں کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کی ملاقات کو ایک آئینی ضرورت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات ضرور ہونی چاہیے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










