بدھ، 30-ستمبر،2026
بدھ 1448/04/19هـ (30-09-2026م)

حکومت کا خیبر پختونخوا کی صورتحال پر آئینی اقدامات اور گورنر راج کے امکانات پر غور

30 ستمبر, 2026 15:11

صدر مملکت اور وزیراعظم کے درمیان آج رات یا کل صبح ایک اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں خیبر پختونخوا کی صورتحال پر آئینی اقدامات اور گورنر راج یا ایمرجنسی لگانے کے امور پر غوروخوض کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیر مملکت طلال چوہدری و دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے امن و امان کی صورتحال پر وزیراعظم کو اعتماد میں لیا، جبکہ وزیر قانون کی خیبر پختونخوا سے متعلق آئینی و قانونی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر داخلہ نے پی ٹی آئی قیادت سے پس پردہ رابطوں پر بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں صوبے کے حالات قابو کرنے کیلئے مختلف قانونی وآئینی آپشنز پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے کے پی سے متعلق فیصلے سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں آپریشن کے دوران مزید 4 دہشتگرد ہلاک کردیئے

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ایک اہم ملاقات متوقع ہے، جو آج رات یا کل صبح اسلام آباد میں ہو سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور بالخصوص خیبر پختونخوا کی صورتحال پر آئینی اقدامات کے حوالے سے حتمی غور کیا جائے گا۔

اس بات کا قوی امکان ہے کہ ملاقات میں اس بات پر بھی غوروخوض ہوگا کہ آیا صوبے میں گورنر راج لگایا جائے یا ایمرجنسی نافذ کی جائے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقات کے دوران آئین کے آرٹیکل 232 سے 234 تک کے مختلف پہلوؤں پر آئینی رائے بھی حاصل کی جائے گی۔

اس سلسلے میں مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر ماہرین قانون سے بھی باقاعدہ مشاورت کی جائے گی تاکہ اٹھائے جانے والے کسی بھی قدم کو آئینی و قانونی طور پر مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔